پاکستان
Time 16 اپریل ، 2020

سندھ حکوت کا جمعے کو دن 12 سے 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان

 سندھ حکومت نے ایک بار پھر جمعے کو دن 12 بجے سے 3 بجے تک سخت لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔

ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق  وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے علمائے کرام نے ملاقات کی۔

 وفد میں مفتی منیب الرحمان،مفتی عابد مبارک،مفتی رفیع رحمان اور مفتی عابد سعید کے علاوہ  انڈس اسپتال کے  ڈاکٹر باری، ڈاکٹر عدیل اور ڈاکٹر سعید بھی موجود تھے۔

ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی درخواست پر علماء نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ  کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے دوان مساجد کے لیے نئی ایس او پی بنائی جائے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 18 تاریخ کو وزیر اعظم علماء کرام سے ملاقات کریں گے، جو بھی ایس او پی بنائی جائے گی اس پر سب عمل کریں گے، ، پچھلے تین جمعہ میں جو طریقہ کار رہا اس پر عمل ہوگا، کل ہم 12 سے تین بجے تک مکمل لاک ڈاؤن کریں گے، مساجد کھلی رہیں گی مگر لوگوں سے اپیل ہے کہ گھرپر نماز ادا کریں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دو جمعہ کو بھی مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا تھا تاہم پہلے لیاقت آباد اور پھر پیر آباد تھانے کی حدود میں نماز جمعہ سے روکنے پر مشتعل افراد نے پولیس پر ہی حملہ کردیا تھا۔

خیال رہے کہ سندھ بھر میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے 30 اپریل تک لاک ڈاؤن ہے جب کہ  مساجد میں باجماعت پنجگانہ نماز اور نماز جمعہ محدود کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔

مزید خبریں :