دنیا
Time 19 اپریل ، 2020

یورپی ممالک میں کورونا سے ہلاکتیں ایک لاکھ سے تجاوز کر گئیں

نوول کورونا وائرس نے پوری دنیا کے 200 سے زائد ممالک اور  جزائر پر اپنے پنجے گاڑھے ہوئے ہیں اور عالمگیر وبا سے اب تک 23 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

جونز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق امریکا میں مریضوں کی مجموعی تعداد 7 لاکھ 38 ہزار 923 ہو چکی ہے جب کہ اموات کی تعداد 39 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے تاہم امریکا کورونا سے متاثر ہونے والے ممالک میں اس وقت سرفہرست ہے۔

ادھر اٹلی، اسپین، جرمنی سمیت دیگر  یورپی ممالک میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے جہاں اموات کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔

اسپین میں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 94 ہزار 416 جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 20 ہزار 639 ہے، اسی طرح اٹلی میں اموات کی تعداد 23 ہزار  227 اور متاثرین کی کل تعداد ایک لاکھ 75 ہزار 925 ہے۔

فرانس میں اب تک 19 ہزار 323 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں اور جرمنی میں ساڑھے چار ہزار سے زائد افراد انتقال کر چکے ہیں جب کہ دونوں ممالک مریضوں کی تعدادایک ایک لاکھ سے زائد ہو چکی ہے۔

برطانیہ میں وائرس نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے جہاں بیماروں کی تعداد 1 لاکھ 14 ہزار 217 ہے جب کہ اموات 15 ہزار سے اوپر جا چکی ہے۔

دوسری جانب ترکی نے اپنے پڑوسی ملک ایران کو کورونا وائرس کے کیسز میں پیچھے چھوڑ دیا ہے، ترکی میں اب 82 ہزار 329 مصدقہ کیسز ہو چکے ہیں جب کہ ایران میں مریضوں کی تعداد 80 ہزار 868 ہے۔

 وائرس کے ابتدائی ملک چین نے سر توڑ حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے اس پر قابو پالیا ہے اور اب وہاں معمولات زندگی بھی بحال ہو رہے ہیں۔

چین میں اب کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 82 ہزار 735 ہے جب کہ ہلاکتیں 4 ہزار 632 ہیں۔

دنیا بھر میں ہلاک افراد کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 61 ہزار 191 ہے جب کہ  23 لاکھ 44 ہزار 969 مریضوں میں سے 6 لاکھ سے زائد  افراد شفا یاب بھی ہو چکے ہیں۔

مزید خبریں :