19 اپریل ، 2020
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ کل سے شروع ہوں گے۔
کورونا وائرس کے باعث ان دنوں کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہیں اور کھلاڑی گھروں میں محدود ہو کر رہ گئے ہیں، اس دوران دنیا بھر کے کھلاڑی کسی نہ کسی طرح خود کو فٹ رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں اور کچھ کھلاڑی نئے نئے چیلنج متعارف کرا رہے ہیں اور اس کا مقصد بھی انڈور سرگرمیوں میں خود کو مصروف رکھتے ہو ئے فٹنس حاصل کرنا ہے۔
اس صورت حال میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹرز کے آن لائن فٹنس ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے، کھلاریوں کی فٹنس ٹیسٹنگ مارچ کے آخر میں ہونا تھی لیکن کورونا وائرس کے باعث فٹنس ٹیسٹنگ ملتوی کر دی گئی تھی اور پھر اس کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے ٹرینر یاسر ملک کے ساتھ مل کر کھلاڑیوں کے آن لائن فٹنس لینے کا پلان بنایا اور اس سلسلے میں محدود دستیاب سہولیات کو سامنے رکھتے ہو ئے کھلاڑیوں کو فٹنس ٹیسٹ کے لیئے پلان دیا گیا۔۔
قومی ٹیم کے سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرز کے دو روزہ آن لائن فٹنس ٹیسٹ کل سے شروع ہوں گے اور ایک وقت میں چھ کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ ہوں گے۔
سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرز کے علاوہ صوبائی ایسوسی ایشنز کی فرسٹ اور سیکنڈ الیون کے کھلاڑیوں کے بھی فٹنس ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیا گیا تھا، ان ٹیموں کے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ کا سلسلہ جاری ہے، یہ ٹیسٹ ان ٹیموں کے ٹرینرز اور کوچز لے رہے ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے ایک پیغام میں کہا ہے کہ کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ پیر سے شروع ہو رہے ہیں، فٹنس ٹیسٹ کے حوالے سے میں اور ٹرینر کھلاڑیوں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں اور انہیں تمام ضروری ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کچھ کھلاڑیوں نے جلد ٹیسٹ لینے کی درخواست کی تھی اور ان کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ صوبائی ایسوسی ایشنز لے رہی ہیں۔
مصباح الحق نے کہا کہ فٹنس ٹیسٹ کا اصل مقصد گھروں میں محدود کھلاڑیوں کو اصل شیپ میں برقرار رکھنا ہے تاکہ جب کھیلوں کی سرگرمیاں بحال ہوں تو وہ پہلے کی طرح فٹ ہوں اور میدان میں انہیں کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر نے نے اس امید کا اظہار کیا کہ حالات جلد ٹھیک ہوں گے اور کھلاڑی میدانوں میں لوٹیں گے اور سب کو اپنے اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھنے کا موقع ملے گا۔