20 اپریل ، 2020
دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال اور اس سے متاثر ہونے والی کرکٹ پر تبادلہ خیال کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیف ایگزیکٹو کمیٹی کی ٹیلی کانفرنس جمعرات کو ہوگی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ترجمان کے مطابق جمعرات کو ہونے والی ٹیلی کانفرنس میں پاکستان سمیت تمام 12 فل ممبرز اور 3 ایسوسی ایٹس رکن ممالک کے نمائندے شریک ہوں گے۔
اجلاس میں کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال اور ملتوی ہونے والی سیریز کی ری شیڈولنگ پر غور کیا جائے گا۔
آئی سی سی ترجمان کا کہنا ہے کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ، ورلڈ کپ سپر لیگ اور فیوچر ٹورز پروگرام کے معاملات پر کس طرح آگے بڑھنا ہے ، ان تمام معاملات پر کانفرنس میں غور کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال میں دیگر کھیلوں کی طرح کرکٹ کے متعدد ایونٹس بھی ملتوی کرنا پڑے ہیں جس کی وجہ سے اگلے برس جون میں ہونے والی آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کا شیڈول کے مطابق انعقاد بھی خطرے میں پڑ گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کو اگلے برس جون کی بجائے دسمبر میں کرانے کا آپشن زیر غور ہے اور اس پر جمعرات کو ہونے والے اجلاس میں بات کی جائے گی۔
موجودہ حالات میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا انعقاد بھی شکوک و شبہات کا شکار ہے تاہم آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو منو سواہنی کہتے ہیں کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی پر کوئی بھی فیصلہ آسٹریلوی حکام اور ماہرین صحت کے مشورے کی روشنی میں کیا جائے گا۔