دنیا
Time 21 اپریل ، 2020

کورونا: مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں نماز تراویح 10 رکعت تک محدود کرنے کا اعلان

ریاض: کورونا وائرس کے باعث احتیاطی تدابیر کو مدنظر رکھتے ہوئے مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں نماز تراویح کو 10 رکعت تک محدود کردیا گیا ہے۔

 عرب خبر رساں ادارے کے مطابق حرمین جنرل پریذیڈنسی کےسربراہ اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ دونوں مساجد میں رمضان کے دوران نمازیوں پر پابندی برقرار رہےگی اور احتیاطی اقدامات کے تحت اس سال رمضان کے دوران اعتکاف بھی نہیں ہوگا۔

سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے کہا کہ تراویح کی رکعت 20 کے بجائے 10 ہوں گی جسے دو امام پڑھائیں گے جن میں سے پہلا امام 6 رکعت اور دوسرا امام 4 رکعت اور وتر پڑھائیں گے، تہجد کی نماز بھی ہوگی جب کہ ختم قرآن 29 ویں شب کو ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ تراویح ،تہجد اور فرض نمازیں پڑھانے والے آئمہ اور خطیبوں کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔

کورونا کی وبا کی وجہ سے رمضان کے دوران مسجد الحرام  اور مسجد نبویؐ میں افطار دسترخوان پر بھی پابندی ہے، اس کے بجائے مستحق افراد میں رمضان راشن کے تھیلے تقسیم کیے جارہے ہیں-

سعودی ادارہ فلکیات کے سربراہ شرف سفیانی کے مطابق سعودی عرب میں رمضان المبارک کا چاند جمعرات کی شام نظر آنے کا امکان ہے، اس لیے پہلا روزہ جمعہ 24 اپریل کو ہونے کی توقع ہے۔

واضح رہےکہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کی وجہ سے بیت اللہ شریف کے طواف کے لیے محدود افراد کو داخلے کی اجازت دی جارہی ہے اور خانہ کعبہ کے گرد حفاظتی باڑ لگائی گئی ہے جب کہ اس سے قبل حفاظتی اقدامات کے تحت مطاف کو بند کردیا گیا تھا۔

سعودی عرب کی صورتحال

سعودی عرب میں کورونا کے وائرس کے کیسز کی تعداد 10 ہزار سے زائد ہے اور اب تک 100 سے زائد افراد وائرس سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :