Time 21 اپریل ، 2020
پاکستان

ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

کراچی: ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔

ذرائع کے مطابق سماجی کارکن فیصل ایدھی اس وقت اسلام آباد میں موجود ہیں جن کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ فیصل ایدھی کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ایسے افراد کی فہرست تیار کی جارہی ہے جن سے انہوں نے حالیہ دنوں میں ملاقات کی ہے۔

ذرائع کے مطابق فیصل ایدھی کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ایدھی فاؤنڈیشن کے کچھ عملے اور فیصل ایدھی کے اہلخانہ کے بھی کورونا ٹیسٹ کرائے جائیں گے۔

دوسری جانب ایدھی حکام کا کہنا ہےکہ فیصل ایدھی ایک ہفتہ قبل کراچی سے لاہور گئے تھے اور 5 دن قبل انہوں نے اسلام آباد میں وزیراعظم سے ملاقات کی، ان کا 2 روز قبل کورونا کا ٹیسٹ کروایا تھا جس کی آج رپورٹ آئی ہے۔

فیصل ایدھی کی جیونیوز سے گفتگو

ادھر فیصل ایدھی نے بھی جیونیوز سے ٹیلی فون پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد میں موجودگی کے دوران 16اپریل کو سردرد، بخار محسوس ہوا، دو روز تک یہی علامات رہیں تو دوستوں نے ٹیسٹ کا مشورہ دیا، بظاہر کوئی علامت نہیں لیکن ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

فیصل ایدھی نے بتایا کہ ڈاکٹر نے ایک ہفتے تک انہیں آئسیولیشن میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔

فیصل ایدھی کے بیٹے سعد ایدھی نے بتایا کہ  ہماری پوری فیملی کراچی میں ہے اور  صرف میں والد کے ساتھ اسلام آباد میں ہوں۔

 بلقیس ایدھی کی عوام سے دعاؤں کی اپیل

دوسری جانب  بلقیس ایدھی نے  بیٹے  فیصل ایدھی کے لیے دعا کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی ہم سب کو اپنی امان میں رکھے۔

بلقیسس ایدھی نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں اپنا اور اپنے گھر والوں کا خیال رکھیں اور کورونا سے متاثرہ لوگوں کی صحتیابی کے لیے دعا کریں۔

واضح رہےکہ فیصل ایدھی نے گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی تھی اور انہیں کورونا ریلیف فنڈ کے لیے چیک پیش کیا تھا۔

مزید خبریں :