دنیا
Time 22 اپریل ، 2020

ایران کا ملٹری سیٹلائٹ خلا میں بھیجنے کا کامیاب تجربہ

پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی ایران کے لیے خلا کے میدان میں ایک بہت بڑی اور اہم پیشرفت ہے،فوٹو:تسنیم نیوز

ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ  اس نے پہلی بار کامیابی کے ساتھ ملٹری سیٹلائٹ کو خلا میں بھیج دیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق  پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 'نور' نامی سیٹلائٹ کو 'قاصد' راکٹ کے ذریعہ خلا میں بھیجا گیا جو کہ  زمین سے 425 کلو میٹر کے فاصلے پر کامیابی کے ساتھ مدار میں داخل ہوگیا۔

ایران کی جانب سے اس سے قبل بھی متعدد بار سیٹلائٹ کو خلا میں بھیجنے کی کوششیں کی جاچکی ہیں تاہم وہ کامیاب نہیں ہوئی تھیں۔

مزید پڑھیں

رواں سال فروری میں ایران نے ظفر نامی  سیٹلائٹ خلا میں بھیجنے کی کوشش کی تھی جو ناکام رہی تھی جب کہ اس کے علاوہ 2 اور کوششیں بھی ناکام ہوئی تھیں۔

پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی  ایران کے لیے خلا کے میدان میں ایک بہت بڑی اور اہم پیشرفت ہے۔

ایران کے اس دعوے کی فی الحال کسی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی ہے تاہم اگر یہ درست ہے تو اس سے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

خیال رہے کہ امریکا کی جانب سے اس سے قبل بھی ایران کے سیٹلائٹ پروگرام پر اعتراضات کیے گئے ہیں کیونکہ امریکا کا کہنا ہے کہ اس طرح ایران اپنے میزائل پروگرام کو مضبوط بناسکتا ہے اور یہ اقوام متحدہ کی ایران سے متعلق قراردادوں کی خلاف ورزی بھی ہے جب کہ ایران اپنے پروگرام کو پرامن قرار دیتا ہے۔

فی الحال اس تجربے پر امریکا کی جانب سے کوئی ردعمل نہیں آیا ہے۔

ٹرمپ کی امریکی بحریہ کو سخت اقدام کی ہدایت

ایران کے اعلان سے کچھ دیر قبل ہی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ انہوں نے  امریکی بحریہ کو ہدایت کی ہے کہ اگر ایران کی جانب سے امریکی بحری جہازوں کو ہراساں کیا جائے تو اس کی گن بوٹس اور کشتیوں کو تباہ کردیا جائے۔

گذشتہ دنوں بھی امریکا نے کہا تھا کہ پاسداران انقلاب کی گن بوٹس خلیج فارس میں  امریکی بحریہ کے جہاز کو ہراساں کرنے جیسے اقدامات کررہے ہیں۔

جواب میں ایران کی جانب سے امریکا کے الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ امریکا بحریہ کی جانب سے ایک ایرانی جہاز کا راستہ روکا گیا تھا۔

مزید خبریں :