26 اپریل ، 2020
خیبرپختونخوا (کے پی) حکومت نے کورونا سے جاں بحق ہونے والے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے پروفیسر ڈاکٹر محمد جاوید کو سول ایوارڈ کیلئے نامزدکردیا۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواکے مشیر اطلاعات اجمل وزیر کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر محمد جاوید کی شہادت کوحکومت اور قوم سلام پیش کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ڈاکٹر جاوید کے خاندان کیلئے خصوصی پیکچ کا اعلان بھی کرے گی۔
اجمل وزیر کا مزید کہنا تھا کہ عوام سےایک بارپھرگزارش ہے، خداراگھروں میں رہیں، اور ڈاکٹر جاوید جیسے ڈاکٹروں کی جانوں سےکھیلنا بند کریں، انہوں نے قوم پر جان تو نچھاورکی لیکن خدارا ان کی نصیحت پر عمل کرکے گھروں سے نہ نکلیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز پشاور کے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے پروفیسر ڈاکٹر محمد جاوید کورونا وائرس سے انتقال کرگئے تھے ، وہ ایک ہفتہ قبل کورونا سے متاثر ہوئے تھے اور حالت بگڑنے پر انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا تاہم وہ جانبرنہ ہوسکے۔
اس سے قبل گلگت میں ڈاکٹر اسامہ اور سندھ میں ڈاکٹر عبدالقادر سومرو بھی کورونا سے جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ ملک میں متعدد ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔