Time 27 اپریل ، 2020
پاکستان

کراچی سمیت صوبے میں حکومتی اعلان کے باوجود آن لائن کاروبار شروع نہ ہوسکا

کراچی سمیت سندھ بھر میں صوبائی حکومت کے اعلان کے باوجود آن لائن کاروبار شروع نہ ہوسکا۔

حکومت سندھ کی جانب سے کراچی کے تاجروں کو پیر تا جمعرات صبح 9 تا سہہ پہر 3 بجے آن لائن کاروبار کی اجازت دی گئی ہے تاہم ہفتے کے پہلے روز  آن لائن کاروبار شروع نہ ہوسکا ہے۔

 تاجروں نے شکوہ کیا کہ حکومتی شرائط پوری کرنے کے بعد صبح 9 بجے دکانیں کھولنے کیلئے پہنچے تو انتظامیہ کے اہلکار مزید شرائط لے کر پہنچ گئے۔

یہ بھی پڑھیں

دکانیں نہ کھلنے کے سبب لوگ باہر ہی جمع ہوگئے جبکہ صدر کے علاقے میں دکانداروں کے جمع ہونے پر کمشنر کراچی نے انتباہ جاری کیا۔

کمشنر کراچی کے کا کہنا تھا کہ دکاندار ایک جگہ جمع نہ ہوں اور سماجی فاصلے کی پابندی پر عمل کریں  جبکہ شٹر بند رکھ کر آن لائن کاروبار کی اجازت ہے لہٰذا دکان کھو ل کر کاروبار کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

کمشنر کراچی کے مطابق کوئی دکان نہ کھولے بلکہ بند شٹر کے ساتھ آن لائن کاروبار کیا جائے جبکہ دکان میں ایک شخص کام کر سکتا ہے۔

کمشنر کراچی کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کے طے کردہ ضابطہ کار پر پوری طرح عمل کیا جائے۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے ملک بھر میں لاک ڈاؤن 9 مئی تک جاری رہے گا تاہم اس دوران سماجی فاصلے کو یقینی بنانے اور دیگر شرائط پر مختلف کاروبار کی اجازت دی گئی ہے۔

دوسری جانب صوبہ سندھ میں مہلک وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور اب تک 85 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 4956 ہے۔

مزید خبریں :