کھیل
Time 29 اپریل ، 2020

وسیم اکرم کا فاسٹ بولرز کو پر اعتماد اور بے خوف ہوکر میدان میں اترنے کا پیغام

فائل فوٹو: وسیم اکرم

سابق کپتان وسیم اکرم نے فاسٹ بولرز کو ڈسپلن، خود اعتمادی اور بے خوف میدان میں اترنے کا پیغام دیا ہے جب کہ انہوں نے آن لائن ویڈیو سیشن میں کھلاڑیوں کو اپنے کیرئیر کے اتار چڑھاؤ کی کہانی بھی سنائی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے موجودہ اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کے لیے آن لائن سیشنز کا سلسلہ جاری ہے اور سیشنز کے دوسرے روز ماضی کے عظیم فاسٹ بولر وسیم اکرم نے فاسٹ بولرز کو کیرئیر میں کامیابی کے گر سکھائے۔ 

اس موقع پر وسیم اکرم نے کہا کہ ایک فاسٹ بولر کے لیے ڈسپلن اور خود اعتمادی سے بڑھ کر کچھ نہیں ہوتا، کیرئیر کے مشکل وقت میں خوف کو پس پشت ڈال کر آگے بڑھنا ہی کامیابی ہے۔

وسیم اکرم نے ماضی کی کہانیاں سناتے ہوئے فاسٹ بولرز کو بتایا کہ وہ کبھی بھی کسی خاص کارکردگی پر مطمئن نہیں ہوتے تھے کیونکہ ایک اچھے کھلاڑی کے لیے ہر دن نیا دن ہوتا ہے اور اسے ہر دن کے لیے ایک نئی حکمت عملی تیار کرنا ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ طویل طرز کی کرکٹ ہی اصل کرکٹ ہے، عظیم کھلاڑی بننے کے لیے یہاں کامیابی حاصل کرنا ضروری ہے، کرکٹ اعداد و شمار کا کھیل ہے، اپنے کیرئیر کے دوران اپنے اہداف ترتیب دیتا تھا سب سے بڑا ہدف یہی تھا کہ کیا کرکٹ چھوڑنے کے بعد انہیں یاد کیا جائے گا یا کیا مبصرین انہیں آل ٹائم ٹیسٹ الیون میں شامل کریں۔

شاہین شاہ آفریدی کو ٹو ڈبلیوز کی کامیابی کی کہانی سناتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ فاسٹ بولرز میں مثبت رقابت ضروری ہے، اس سے کھیل میں نکھار آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ وقار یونس کے رن اپ سے بہت متاثر تھے، ان کی اسپیڈ سے دنیائے کرکٹ کے بڑے بڑے بیٹسمین ڈرتے تھے، وقار یونس اور انہوں نے بڑی بڑی ٹیموں کے خلاف میچز کا پانسہ ایک دوسرے کی قابلیت پر اعتماد کرکے ہی بدلا تھا۔

وہاب ریاض کے سوال کے جواب میں وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ وہ مشکل وقت میں خود کو چیلنج کرتے تھے، فاسٹ بولر کو میچ میں بدلتی صورتحال کے اعتبار سے حکمت عملی تبدیل کرنی چاہیے، اچھا فاسٹ بولر وہی ہے جو اپنی صلاحیتوں پر اعتبار کرتے ہوئے اپنی فیلڈنگ خود سیٹ کرے۔

فہیم اشرف کے سوال کے جواب میں وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کی پچز نرم ہوتی ہیں، بطور فاسٹ بولر وہ اور وقار یونس وہاں گیند آگے کرتے تھے، انگلینڈ کی پچز پر فاسٹ بولرز کو سوئنگ اور ویری ایشنز پر فوکس کرنا چاہیے، وہاں کریز کا بھی بھرپور استعمال کرکے وکٹیں حاصل کی جاسکتی ہیں۔

اس موقع پر وقار یونس نے وسیم اکرم کے ساتھ گزارے گئے لمحات کا ذکر کیا۔

انہوں نے کھلاڑیوں کو واضح کیا کہ وسیم اکرم کی کامیابی کا راز ان کا ڈسپلن اور اپنے اہداف کی تیاری کے لیے سخت محنت کرنا تھی۔

مزید خبریں :