کھیل
Time 29 اپریل ، 2020

پاکستان کرکٹ کے مداحوں کے لیے اپنے خوابوں کی جوڑیاں بنانے کا بہترین موقع

بابراعظم نے یوسف اور یونس خان کو اپنی بہترین جوڑی قرار دیا ہے۔ فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق قومی کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے منفرد مہم کا آغاز کیا ہے۔

‏ کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہیں، ایسے میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے آن لائن اور سوشل میڈیا کے ذریعے سرگرمیوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔

‏اب پی سی بی نے ایک سلسلہ شروع کیا ہے جس میں سابق ٹیسٹ کرکٹرز کو خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

پی سی بی کی اس مہم میں شائقین کرکٹ بھی اپنی پسندیدہ جوڑی کے بارے میں بتا سکیں گے، اس سلسلے میں بلے بازوں اور بولروں کے بارے میں بتایا جائے گا۔

محمد یوسف اور یونس خان کی جوڑی بہترین ہے: بابراعظم

پی سی بی کی اس مہم میں سب پہلی جوڑی کا انتخاب ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کیا اور سابق کپتانوں محمد یوسف اور یونس خان کو اپنی آل ٹائم فیورٹ جوڑی قرار دیا۔

بابر اعظم کا کہنا ہے کہ محمد یوسف کی اپنی ایک الگ کلاس ہے جو مجھے بہت پسند ہے جب کہ یونس خان کا ہار نہ ماننا مجھے اچھا لگتا ہے، دونوں میرے فیورٹ بلے باز ہیں۔

قومی ٹیم کے نوجوان بلے باز نے دوسروں سے بھی کہا کہ اب سب اپنے اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کے بارے میں بتائیں۔

‏سابق بیٹسمین یونس خان نے 118 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی، وہ 10 ہزار رنز بنانے والے پاکستان کے واحد بیٹسمین ہیں، انہوں نے ٹیسٹ کیرئیر میں 10099 رنز بنائے جب کہ یونس خان نے پاکستان کی جانب سے 265 ون ڈے اور 25 ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیلے۔

‏سابق کپتان محمد یوسف نے 90 ٹیسٹ میچوں میں 7530 رنز بنائے جب کہ288 ایک روزہ میچز اور 3 ٹی ٹوئنٹی بھی کھیلے۔

‏ پی سی بی نے اس مہم سے قبل پی سی بی عہدیداروں اور کھلاڑیوں کے آن لائن میڈیا سیشنز کرائے جب کہ کرکٹرز کے آن لائن فٹنس ٹیسٹ بھی لیے گئے۔

بیٹسمینوں، فاسٹ بولروں، اسپنرز اور وکٹ کیپرز کو بھی ماضی کے تجربہ کار کرکٹرز کے گر سکھانے سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔

عبدالقادر کے ساتھ میری جوڑی بہتری ہوتی: سعید اجمل

اپنی شاندار اسپن بولنگ سے متعدد ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کو کامیابیاں دلانے والے سابق کرکٹر سعید اجمل کا کہنا ہے کہ اکثر کہا جاتا ہے کہ بولرز جوڑیوں کی صورت میں شکار کرتے ہیں اور ہم نے میدان میں ایسا دیکھا بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہیں پاکستان کے چند بہترین اسپنرز کے ساتھ باؤلنگ کرنے کا موقع ملا اور وہ ان کے ساتھ مل کر پاکستان کو فتوحات دلانے میں کامیاب بھی رہے۔

سابق ٹیسٹ اسپنر نے کہا کہ اگر ان سے پوچھا جائے تو وہ لیجنڈری بولر مرحوم عبدالقادر کے ساتھ بولنگ کرنا پسند کرتے، عبدالقادر مرحوم ایک عظیم لیگ اسپنر تھے جن کی گگلی شاندار تھی اور میرے پاس دوسرا جیسا ہتھیار تھا، لہٰذا یہ جوڑی بہترین ہوتی۔

مزید خبریں :