دنیا
Time 29 اپریل ، 2020

امریکا میں کورونا سے اموات میں اچانک اضافہ، دنیا میں ہلاکتوں کی تعداد 2 لاکھ 18 ہزار سے زائد

امریکا میں ایک بار پھر کورونا سے اموات میں اضافہ ہو گیا ہے جب کہ عالمگیر وبا کے باعث دنیا بھر میں اموات کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 18 ہزار  سے زائد ہو گئی ہے۔

جونز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق امریکا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2500 سے زائد اموات ریکارڈ کی گئی جس کے بعد ہلاک افراد کی تعداد 59 ہزار 266 ہو گئی ہے جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 10 لاکھ 35 ہزار 756 تک پہنچ گئی ہے جو دنیا بھر کے مجموعی کیسز کا ایک تہائی ہے۔

اٹلی میں عالمگیر وبا سے اموات کی تعداد 27 ہزار 359 تک پہنچ گئی ہے جب کہ اسپین میں 23 ہزار 822 افراد اب تک ہلاک ہو چکے ہیں۔

فرانس میں بھی 23 ہزار 660 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں تاہم فرانسیسی حکومت نے بڑے پیمانے پر کورونا ٹیسٹنگ کے ساتھ 11 مئی سے لاک ڈاؤن میں بتدریج نرمی کا اعلان کر دیا ہے۔

جرمنی میں بھی لاک ڈاؤن میں نرمی کی جا چکی ہے تاہم وائرس کے دوبارہ پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر عوام کو گھروں میں رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔

آزربائیجان نے اپنی سرحدیں 31 مئی تک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے جب کہ ترکی نے بھی 3000 اموات کے بعد اسکولوں کو مئی کے آخر تک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

روس میں بھی کورونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 107 نئی ہلاکتیں اور 5 ہزار 800 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔

برازیل میں کورونا سے اموات کی تعداد 5 ہزار سے زائد ہو چکی ہیں جب کہ متاثرہ مریضوں کی تعداد بھی 73 ہزار 235 تک پہنچ گئی ہے۔

برطانیہ میں وبا سے اموات کی تعداد ساڑھے 21 ہزار سے زائد ہو چکی ہے جب کہ بیلجیم میں 7 ہزار 331 اور نیدرلینڈ میں 4 ہزار 566 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا سے ہلاک افراد کی تعداد 2 لاکھ 18 ہزار 187 ہو گئی ہے جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 31 لاکھ 47 ہزار 626 ہو چکی ہے جس میں سے 9 لاکھ 61 ہزار سے زائد افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

مزید خبریں :