Time 30 اپریل ، 2020
پاکستان

ڈومیسٹک فلائٹ آپریشنز کی بندش میں 7 مئی تک توسیع

ملک بھرکے ائیرپورٹس سے علاقائی فضائی آپریشن کی بندش میں 7 مئی تک توسیع کردی گئی۔

ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق پابندی کے دوران خصوصی پروازوں سمیت سفارتکاروں اور کارگو پروازوں کو آپریشن کی اجازت ہوگی۔

اس حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نوٹم جاری کردیا ہے۔ اس سے پہلے کورونا وائرس کی وجہ سے علاقائی فضائی آپریشن کی بندش 30 اپریل تک تھی جس میں اب توسیع کردی گئی ہے۔

اس سے قبل سول ایوی ایشن اتھارٹی انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن کی معطلی میں بھی 15 مئی تک توسیع کا اعلان کیا تھا۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان میں بین الاقوامی اور ڈومیسٹک پروازیں بند ہیں جبکہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کیلئے خصوصی پراوزیں چلائی جارہی ہیں جو کراچی، اسلام آباد اور لاہور ائیرپورٹس سے آپریٹ ہورہی ہیں۔

اس کے علاوہ وفاق نے ملکی سطح پر لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع کردی ہے جبکہ ملک بھر میں ٹرین آپریشن اور بین الصوبائی بس سروسز بھی معطل ہیں۔

مزید خبریں :