Time 02 مئی ، 2020
پاکستان

بلوچستان: دو ڈسپنسر بھائی کورونا سے جاں بحق، ڈاکٹروں سمیت 97 ہیلتھ ورکرز وائرس سے متاثر


فائل فوٹو

بلوچستان میں 59 ڈاکٹروں سمیت 97 ہیلتھ ورکرز کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے جب کہ سول اسپتال کے دو ڈسپنسر بھائی کورونا سے لڑتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔

وزرات قومی صحت کے اعداد و شمار کے مطابق 30 اپریل تک بلوچستان میں کورونا وائرس سے 59 ڈاکٹرز، 04 نرسز ۱ور 34صحت عملہ متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے 87کو گھروں میں آئی سولیٹ کردیا گیا ہے جب کہ 10اہلکار کورونا وائرس سے صحت یاب ہوئے۔

اعداد وشمار کے مطابق اب تک کوروناوائرس سے صوبے میں دو ہیلتھ کیئر ورکر جاں بحق بھی ہوچکے ہیں۔

سول اسپتال کوئٹہ کا سینئر ڈسپنسر جاں بحق

دوسری جانب بلوچستان میں کورونا وائرس نے ایک اور ہیلتھ ورکر کی جان لے لی جہاں سول اسپتال کوئٹہ کے شعبہ حادثات کے سینئر ڈسپنسر منور خان کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے۔

ترجمان سول اسپتال کوئٹہ کے اعلامیے کے مطابق شعبہ حادثات کے سینئر ڈسپنسر حاجی منور خان چند روز قبل کورونا میں مبتلا ہوئے تھے جو زیر علاج تھے اور وہ جمعہ کو انتقال کر گئے۔

ایک ہفتہ قبل ان کے بھائی سینئر ڈسپنسر سول اسپتال دلاور خان بھی کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے تھے۔

ایم ایس ڈاکٹر فضل الرحمن بگٹی اور ڈی ایم ایس ڈاکٹر جاوید اختر سول اسپتال کوئٹہ نے حاجی منور کی وفات پر دکھ کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 1100 سے زائد ہے اور اب تک 16 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :