03 مئی ، 2020
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ کورونا وبا کے دوران درست معلومات اور سچائی کا پرچارکرنے پر میڈیا کے شکر گزار ہیں۔
آزادی صحافت کےعالمی دن پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ صحافی اورمیڈیا ورکرز لوگوں تک ہمارا پیغام پہنچانےمیں اہم مددگار ہیں، وباکےاس دورمیں یہ پیغامات انتہائی اہم ثابت ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھرکی حکومتیں آزادی صحافت کا تحفظ یقینی بنائیں، تمام حکومتیں صحافیوں کو ان کے فرائض انجام دینے کےلیے ان کی مدد کریں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وباکےدوران اور اس کے بعد بھی صحافتی ذمہ داریاں پورا کرنے میں صحافیوں کی مدد کی جائے۔
سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا کہ وبا کے ساتھ ہی غلط اطلاعات، معلومات اور افواہوں کا سلسلہ بھی شروع ہوا، میڈیا ہی سے غلط معلومات کی روک تھام، اس کا سدباب اور مستند اطلاعات کی ترسیل ممکن ہوتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ نقل و حرکت کی عارضی روک تھام کورونا کو شکست دینے کےلیے انتہائی اہم ہے، حقائق، درست معلومات اور سچائی کا پرچارکرنے پر میڈیا کے شکر گزار ہیں۔
انتونیو گوتریس نے کہا کہ تمام حکومتیں امن و انصاف اور انسانی حقوق کے لیے آزادی صحافت کو یقینی بنائیں۔