04 مئی ، 2020
پشاور: بیرون ملک سے آنے والے مزید 189 مسافروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔
محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق بیرون ملک سے 4 پروازوں کے ذریعے 2 ہفتوں کے دوران 932 مسافر وطن واپس آئے ہیں جن کی ائیرپورٹ پر ہی اسکریننگ کی گئی تھی اور ان میں سے مزید 189 مسافروں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 28 اپریل کو قطر کی پرواز سے 248 مسافر پشاور پہنچے تھے جن میں سے 54 مسافروں میں کورونا وائرس کی شکایت پائی گئی جب کہ جن کے کورونا ٹیسٹ نتائج منفی تھے انہیں گھر بھیج دیا گیا۔
اس سے متعلق ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جن 189 مسافروں میں کورونا کی تصدیق ہوئی انہیں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے اور جن مسافروں کی طبیعت خراب تھی ان کو پولیس اسپتال منتقل کردیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر پشاور کا کہنا تھا کہ تمام مسافروں کے 9 روز گزرنے کے بعد دوبارہ ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور ہر ایک کا خیال رکھا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 20ہزار 700 سے زائد ہے جب کہ جاں بحق افراد کی تعداد 471 تک پہنچ گئی ہے جس میں سے 180 افراد کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے۔