کراچی میں ایک اور پولیس اہلکار کورونا سے جاں بحق، تعداد 2 ہوگئی

فوٹو آئی این پی—

کراچی میں کورونا سے ایک اور پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا جس کے بعد وائرس سے مرنے والے اہلکاروں کی تعداد 2 ہوگئی۔

 پولیس حکام کے مطابق کچھ روز قبل ایس ایس پی سٹی آفس میں اہلکاروں کا کورونا ٹیسٹ کرایا گیا تو اس دوران اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) انور سمیت کچھ اہلکاروں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

ٹیسٹ نتائج  مثبت آنے کے بعد اے ایس آئی انور سیلف آئسولیشن میں چلے گئے تھے تاہم گزشتہ روز ان کا انتقال ہوگیا جس کے بعد ان کی تدفین بلدیہ ٹاؤن میں واقع قبرستان میں کردی گئی۔

پولیس کے مطابق اے ایس آئی انور ایس ایس پی سٹی آفس میں وائرلیس آپریٹر تعینات تھے اور ڈاکس میں واقع پولیس ہیڈکوارٹر میں مقیم تھے۔

دوسری جناب کورونا سے انتقال کرنے والا دوسرا  اہلکار اے وی ایل سی میں تعینات تھا اور اس کا 25 اپریل کو کورونا ٹیسٹ کیا گیا تھا جو مثبت آیا تھا۔

پولیس کے مطابق اہلکار کو گھر میں ہی قرنطینہ کیا گیا تھا تاہم وہ وائرس سے جانبر نہ ہوسکا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ شہر میں اب تک کورونا وائرس سے انتقال کرجانے والے پولیس اہلکاروں کی تعداد 2 ہوگئی جب کہ صرف کراچی میں 94 اہلکار وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور سندھ بھر میں یہ تعداد 99 ہوگئی ہے۔

مزید خبریں :