07 مئی ، 2020
جہلم پولیس نے انجینئر محمد علی مرزا کو مذہبی منافرت اور مختلف علمائے کرام کے خلاف شر انگیزی پھیلانے کے الزام میں گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا تاہم عدالت نے ملزم کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہا کردیا۔
تھانہ سٹی پولیس کے مطابق انجینئر محمد علی مرزا مختلف علمائے کرام کے خلاف مذہبی اشتعال انگیزی پھیلا رہے تھے۔
سٹی پولیس نے منگل کو اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملزم کو جیل منتقل کر دیا تھا۔
انجینئر محمد علی مرزا کے وکیل نے اسی دن سول کورٹ میں درخواست ضمانت دائر کردی تھی جہاں بدھ کو سول کورٹ نے 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض انجینئر محمد علی مرزا کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کر دیا۔