08 مئی ، 2020
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی مہنگائی کنٹرول کرنے کی ہدایات کے باوجود مہنگائی میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق مہنگائی میں اضافہ اشیائے خوردونوش کی قیمتیں بڑھنے کے باعث ہوا ہے اور ایک ہفتے کے دوران 16 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جس میں چکن 37 روپے، بکرے کا گوشت 9 روپے فی کلو، کیلے 8 روپے فی درجن، آلو ساڑھے 3 روپے فی کلو جب کہ ایل پی جی کا گھریلو سیلنڈر 49 روپے مہنگا ہوا ہے۔
ایک ہفتے میں دہی، تازہ دودھ، دال مونگ اور انڈے کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے اور اس طرح حالیہ ہفتے میں مہنگائی میں صفر اعشاریہ 36 فیصد اضافہ سامنے آیا ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے میں 12 اشیاء کی قیمتوں میں کمی بھی ہوئی ہے جس میں ٹماٹ ر82 پیسے فی کلو اور پیاز ساڑھے 4 روپے فی کلو سستی ہوئی جب کہ دال مسور 4 روپے 63 پیسے اور سفید چنا سوا 2 روپے فی کلو سستا ہوا ہے۔
ادارہ شماریات نے مزید بتایا کہ ایک ہفتے میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا سوا 4 روپے سستا ہوا، چینی اور گھی کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی ہے جب کہ لہسن کی قیمت میں ساڑھے 3 روپے فی کلو کمی ہوئی ہے۔
ان سب کے علاوہ حالیہ ہفتے میں 23 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام بھی رہا ہے۔