09 مئی ، 2020
ملک میں کورونا وائرس سے مزید 19 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 638 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 29367 تک جاپہنچی ہے۔
اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 234 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ پنجاب میں 192 اور سندھ میں 180 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
اس کے علاوہ بلوچستان میں 24، اسلام آباد 4 اور گلگت بلتستان میں 4 افراد مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔
آج بروز ہفتہ ملک بھر سے کورونا کے مزید 2561 کیسز اور 18 ہلاکتیں سامنے آئیں جن میں سندھ سے 1080 کیسز 4 ہلاکتیں، خیبر پختونخوا میں 182 کیسز اور 13 ہلاکتیں، پنجاب سے 1060کیسز، بلوچستان 151 کیسز، گلگت بلتستان 36 کیسز ایک ہلاکت، اسلام آباد 51 کیسز اور آزاد کشمیر سے ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔
سندھ میں آج کورونا کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن کی تعداد 1080 ہے جب کہ 4 افراد بھی جاں بحق ہوگئے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 5498 ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد ٹیسٹوں کی تعداد 87108 ہوگئی ہے جب کہ 24 گھنٹوں میں کیے گئے ٹیسٹوں میں 1080 نئے کیسز سامنے آئے۔
سندھ میں نئے کیسز کے بعد کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 10 ہزار 771 تک جا پہنچی ہے جب کہ ہلاکتیں 180 ہوگئی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 80 افراد صحتیاب ہوئےجس کے بعد صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 2020 ہوگئی ہے۔
پنجاب سے آج کورونا کے مزید 1060 کیسز سامنے آئے جس کی تصدیق صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے کی۔
صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق صوبے میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 11093 ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ پی ڈی ایم اے نے گزشتہ روز پنجاب میں کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 194 بتائی تھی تاہم اس میں تین نمبرز کی کمی کردی گئی تھی اور اب دوبارہ ایک موت کے اضافے سے ہلاکتوں کی تعداد 192 بتائی گئی ہے۔
پنجاب میں کورونا سے اب تک 4240 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔
بلوچستان میں آج اب تک کورونا کے مزید 151 کیسز سامنے آئے ہیں جس کی تصدیق صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 1876 ہوگئی ہے۔
صوبے میں کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 24 ہوئی ہے جب کہ 222 افراد اب تک صحتیاب ہوچکے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت میں آج کورونا وائرس کے مزید 51 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔
سرکاری پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 609 ہوگئی ہے جب کہ شہر میں وائرس سے اب تک 4 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
گلگت بلتستان میں آج بروز ہفتہ مزید 36 کیسز اور ایک ہلاکت سامنے آئی جس کی تصدق محکمہ صحت گلگت بلتستان نے کی۔
گلگت میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 430 تک پہنچ گئی ہے جبکہ اموات 4 ہوگئی ہیں۔
گلگت میں کورونا وائرس سے اب تک 303 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
آزاد کشمیر سے آج کورونا کا ایک کیس سامنے آیا ہے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیا گیا ہے۔
پورٹل کے مطابق علاقے میں کورونا کے کیسز کی کل تعداد 79 ہوگئی ہے اور 60 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں جب کہ اب تک کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی ہے۔
خیبر پختونخوا میں ہفتے کو کورونا سے مزید 13 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 234 تک جاپہنچی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں مزید 182 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4509 ہوگئی ہے۔
محکمہ صحت نے بتایاکہ صوبے میں اب تک کورونا سے 1086 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔