Time 09 مئی ، 2020
پاکستان

سندھ میں کورونا کے اعداد وشمار بڑھا کرپیش کرنے کی بات غیرذمہ دارانہ ہے: اسد عمر

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے  اپنی ہی جماعت کے کراچی کے صدر خرم شیر زمان کے سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دے دیا۔

جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ وبا سے بچنے کے لیے اقدامات کی بھاری قیمت اداکر رہے ہیں جبکہ حفاظتی سامان اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) کو براہ راست دیاجا رہاہے۔

انہوں نے بتایا کہ اسپتال آمد پر انتقال کرنے والےکا بھی کورونا ٹیسٹ کیا جاتا ہے۔

اسدعمر کا کہنا تھا کہ ہمارے فیصلوں کا زیادہ تر انحصار رپورٹ ہونے والی اموات پر ہوتا ہے، سندھ میں اعداد وشمار بڑھا چڑھا کرپیش کرنے کی خرم شیرزمان کی بات غیرذمہ دارانہ ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما خرم شیر زمان نے سندھ حکومت پر کورونا کے غلط اعداد و شمار بتانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ پیپلزپارٹی صوبے میں کورونا وائرس کے اعداد وشمار بڑھا چڑھا کر بیان کر رہی ہے۔

دوسری جانب سندھ میں کورونا سے 180 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ریکارڈ ایک ہزار 80 کیسز کی تصدیق کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 10 ہزار 771 تک جا پہنچی ہے۔

مزید خبریں :