جیدی سے شہرت پانے والے نامور اداکار اطہر شاہ خان مداحوں سے بچھڑ گئے

اردو دنیا کے ممتاز شاعر، ڈرامہ نگار، فلم ساز اور ٹیلی ویژن کے کردار جیدی سے شہرت حاصل کرنے والے نامور اداکار اطہر شاہ خان اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔

اداکار اطہر شاہ خان جیدی طویل عرصے سے شوگر،گردے اور فالج کے عارضے میں مبتلا تھے اور وہ رضائے الہی سے آج انتقال کر گئے۔

اطہر شاہ خان جیدی کی نمازجنازہ گلشن اقبال میں ادا کردی گئی،نماز جنازہ میں اہل خانہ اور اہل علاقہ شریک ہوئے۔

اطہر شاہ خان مرحوم نے سوگوارن میں اہلیہ اور چار بیٹے چھوڑے ہیں۔

مرحوم اطہر شاہ خان بھارت کے شہر رام پور میں پیدا ہوئے اور انتقال کے وقت ان کی عمر 77 برس سے زائد تھی۔ آپ 1947 میں خاندان کے ساتھ لاہور  اور 1957 میں کراچی منتقل ہوئے۔

اطہر شاہ خان جیدی نے لاہور سے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد پشاور سے سیکنڈری تک پڑھا اور  پھر کراچی میں اُردو سائنس کالج سے گریجویشن کیا، بعدازاں انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے صحافت کے شعبے میں ماسٹرز  بھی کیا۔

ان کا شمار ٹیلی ویژن کے ابتدائی ڈرامہ نگاروں اور فن کاروں میں کیا جاتا ہے۔

اطہر شاہ خان کی سپرہٹ ڈرامہ سیریلز میں انتظار فرمائیے، ہیلو ہیلو، جانے دو، برگر فیملی، آشیانہ، آپ جناب، جیدی اِن ٹربل، پرابلم ہاؤس، ہائے جیدی، کیسے کیسے خواب، با اَدب با ملاحظہ ہوشیار اور دیگر شامل ہیں۔

انتظار فرمائیے، وہ سیریل تھی جس نے اطہر شاہ خان کو ’جیدی‘ بنا کر شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا تھا۔

2001ء میں انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا گیا اور پاکستان ٹیلی ویژن نے جب اپنی سلور جوبلی منائی تو اطہر شاہ خان جیدی کو گولڈ میڈل عطا کیا۔

مزید خبریں :