11 مئی ، 2020
بھارتی کی شمال مشرقی ریاست سِکم کی سرحد پر بھارتی اور چینی فوج کی جھڑپ کے دوران متعدد فوجی زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق تبت سے متصل بھارتی ریاست کی سرحد پر گشت کے دوران دونوں ممالک کی فوجوں کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا جس کے بعد دونوں جانب سے ایک دوسرے پر پتھراؤ بھی کیا گیا اور نوبت ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔
بھارتی فوج کی مشرقی کمانڈ کے ترجمان مندیپ ہودا کا کہنا ہے کہ واقعے میں دونوں اطراف کے فوجی زخمی ہوئے ہیں تاہم کوئی بھی شدید زخمی نہیں ہوا۔
مندیپ ہودا کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ مقامی سطح پر ہی مذاکرات کے بعد حل کرلیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ چین اور بھارت کے درمیان طویل سرحد موجود ہے اور دونوں میں سرحدی تنازعہ بھی پایا جاتا ہے، بلندی پر واقع بارڈر پر اکثر و بیشتر دونوں ممالک کے فوجی گشت کے دوران آمنے سامنے آجاتے ہیں۔
سرحدی تنازعے کے باعث ہی دونوں ممالک کے درمیان 1962 میں ایک جنگ بھی ہوچکی ہے۔