Time 12 مئی ، 2020
پاکستان

شہباز شریف نے برطانوی اخبار ڈیلی میل کیخلاف مقدمہ کردیا

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے برطانوی اخبار ڈیلی میل کے خلاف  مقدمہ کردیا۔

خیال رہے کہ 14 جولائی 2019 کو برطانوی اخبار ڈیلی میل نے دعویٰ کیا تھا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے خاندان نے زلزلہ متاثرین کو ملنے والی برطانوی امداد میں چوری کی۔

رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ شہباز دور میں برطانوی امدادی ادارے نے لگ بھگ 50 کروڑ پاؤنڈ پنجاب کو دیے۔

 اب شہبازشریف نے برطانوی اخبار ڈیلی میل کے خلاف مقدمہ کردیا ہے اور الزام عائد کیا ہے کہ مضمون سے ان کی ’ذاتی اورپیشہ ورانہ ساکھ‘کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے۔

شہباز شریف نے 10 ہزار 528 پاؤنڈ کورٹ فیس ادا کی تاہم مقدمے میں ہرجانےکی رقم کا تعین نہیں کیا۔

خیال رہے کہ ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے تحقیقاتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک جانب عالمی ترقیاتی منصوبوں کے لیے امداد دینے والا برطانوی محکمہ DFID سابق وزیراعلیٰ پنجاب پر امدادی رقم کی بارش کرتا رہا تو دوسری جانب ان کا خاندان عوامی فنڈ کے ملین پاؤنڈز منی لانڈرنگ کے ذریعے برطانیہ منتقل کرتے رہے۔

برطانوی اخبار کی رپورٹ پر شہباز شریف نے قانونی چارہ جوئی کا اعلان کیا تھا اور گزشتہ دنوں انہوں نے برطانوی صحافی ڈیوڈ روز کے خلاف لندن ہائی کورٹ میں مقدمہ بھی دائر کیا تھا جس پر کوئنز بینچ ڈویژن نے اخبار اور صحافی کو نوٹس جاری کیے ہیں۔

شہباز شریف کے وکیل الاسڈئیر پیپر کے مطابق رائل کورٹ آف جسٹس میں مقدمہ شروع ہونے میں 9 ماہ سے ایک برس لگ سکتا ہے، ہم نے اخبار کی طرف سے معقول جواب نہ ملنے پر عدالت سے رجوع کیا۔

مزید خبریں :