دنیا
Time 13 مئی ، 2020

امریکا میں کورونا سے ہلاکتوں میں پھر اضافہ، برازیل میں بھی ایک دن میں ریکارڈ اموات

امریکا میں کورونا کے وار پھر تیز ہو گئے جب کہ برازیل میں کورونا سے ایک دن میں ریکارڈ 900 اموات ہوئیں۔

امریکا میں دو روز شرح اموات میں کمی کے بعد گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1900 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جس کے بعد ملک میں اموات کی مجموعی تعداد 83 ہزار 425 جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 14 لاکھ 8636 ہو گئی ہے۔

برازیل میں بھی ایک دن میں ریکارڈ 900 اموات ہوئیں جس کے بعد ہلاک افراد کی تعداد 12 ہزار 461 جب کہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 77 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

اسپین میں 27 ہزار جانیں لینے والے کورونا کو ملک کی معمر ترین 113 سال کی خاتون نے مات دے دی جب کہ روس میں مسلسل دسویں دن کورونا کے 10 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد تعداد کے اعتبار سے روس دنیا میں تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔

ادھر وبا کی دوسری لہر کے خدشات کے پیش نظر چین کے شہر جیلن میں ووہان جیسا لاک ڈاون کر دیا گیا ہے جب کہ سعودی عرب نے عیدالفطر کے موقع پر مکمل کرفیو کا اعلان کیا ہے۔

دنیا بھر میں کورونا سے متاثرین کی تعداد 43 لاکھ 57 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جب کہ 2 لاکھ 93 ہزار 216 افراد دم توڑ چکے ہیں اور سولہ لاکھ سے زائد صحت یاب ہو گئے ہیں۔

مزید خبریں :