سینٹرل کنٹریکٹ میں سرفراز، عامر، وہاب اور امام الحق کیلئے بری خبر

‏پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سیزن 21-2020 کیلئے 18 قومی کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ دے دیا جبکہ ایمرجنگ کھلاڑیوں پر مشتمل کیٹیگری ایک بار پھر متعارف کرا دی گئی ہے، حسن علی ، محمد عامر اور وہاب ریاض سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیئرمین احسان مانی کی منظوری کے بعد سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔ فاسٹ بولر نسیم شاہ اور افتخار احمد پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں اور انہیں سینٹرل کنٹریکٹ کی سی کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔

اس مرتبہ بھی کھلاڑیوں کو 3 کیٹیگریز یعنی 'اے'، 'بی' اور 'سی' میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ‏ اے کیٹیگری میں شامل سابق کپتان سرفراز احمد اور لیگ اسپنر یاسر شاہ کی تنزلی ہو گئی ہے اور دونوں کرکٹرز اب بی کیٹیگری میں شامل ہوں گے۔

ٹیسٹ کپتان اظہر علی اور تینوں فارمیٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے شاہین شاہ آفریدی کو بھی اے کیٹیگری مل گئی ہے، اس کیٹیگری میں شامل تیسرے کھلاڑی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے کپتان بابرا عظم ہیں۔ بابر اعظم کو ٹی ٹوئنٹی کے ساتھ اب ون ڈے کی قیادت بھی سونپ دی گئی ہے جبکہ وہ ٹیسٹ میں اظہر علی کے ساتھ نائب کپتان ہوں گے۔

سرفراز کی بی کیٹیگری میں تنزلی

— فوٹو: فائل

‏سینٹرل کنٹریکٹ کی بی کیٹیگری میں مجموعی طور پر 9 کھلاڑی شامل ہیں ان میں سابق کپتان سرفراز احمد اور یاسر شاہ کے علاوہ عابد علی ،اسد شفیق، حارث سہیل، محمد عبا س، محمد رضوان، شاداب خان اور شان مسعود شامل ہیں۔

‏ ڈیبیو پر سنچری اسکور کرنے والے ٹیسٹ کرکٹر عابد علی ، محمد رضوان اور شان مسعود کی بی کیٹیگری میں ترقی ہوئی ہے۔

امام الحق کی سی کیٹیگری میں تنزلی

امام الحق— فوٹو: فائل

‏بائیں ہاتھ کے اوپننگ بیٹسمین امام الحق کی سی کیٹیگری میں تنزلی ہو ئی ہے۔ اس کیٹیگری میں مجموعی طور پر 6 کرکٹرز شامل ہیں۔

امام الحق کے ساتھ اس کیٹیگری میں فخر زمان، عثمان شنواری، افتخار احمد، عماد وسیم اور نسیم شاہ شامل ہیں۔

حارث رؤف، حیدر علی اور محمد حسنین ایمرجنگ کیٹیگری میں شامل

حارث رؤف— فوٹو: فائل

پی سی بی نے ایک بار پھر ایمرجنگ پلئیرز کی کیٹیگری متعارف کرائی ہے اور اس میں تین کرکٹرز کو شامل کیا گیا ہے۔ لاہور قلندرز پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام سے شناخت بنانے اور پھر بگ بیش لیگ میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد قومی ٹیم میں جگہ بنانے والے حارث رؤف کو حیدر علی اور محمد حسنین کے ساتھ ایمرجنگ کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔

پچھلے سال کے سینٹرل کنٹریکٹ میں 19 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا تھا اور اس مرتبہ تین کیٹیگریز میں تعداد 18 کی گئی ہے لیکن اس کے ساتھ ایمرجنگ کیٹیگری متعارف کرائی گئی ہے۔

فاسٹ بولر شاہین آفریدی کو اے کیٹیگری مل گئی — فوٹو: فائل

‏ فاسٹ بولرز محمد عامر، وہاب ریاض اور حسن علی کنٹریکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ محمد عامر ریڈ بال کرکٹ سے ریٹائر منٹ لے چکے ہیں جبکہ وہاب ریاض نے ریڈ بال کرکٹ سے خود کو الگ کر رکھا ہے اور حسن علی فٹنس مسائل سے دوچار ہیں۔

مزید خبریں :