ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 802 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 37160 تک جاپہنچی ہے
14 مئی ، 2020
ملک میں کورونا وائرس سے مزید 32 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 802 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 37160 تک جاپہنچی ہے۔
اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 284 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ سندھ میں 243 اور پنجاب میں 234 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
اس کے علاوہ بلوچستان میں 30، اسلام آباد 6، گلگت بلتستان میں 4 اور آزاد کشمیر ممیں مہلک وائرس سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔
آج بروز جمعرات ملک بھر سے کورونا کے مزید 1519 کیسز اور 32 ہلاکتیں سامنے آئیں جن میں پنجاب میں 353 کیسز اور 11 ہلاکتیں، خیبرپختونخوا سے 171 نئے کیسز 9 ہلاکتیں، سندھ 758 کیسز 9 ہلاکتیں، بلوچستان 152کیسز اور تین ہلاکتیں، اسلام آباد 63 ، گلگت بلتستان 19 کیسز اور آزاد کشمیر سےمزید 3 کیسز سامنے آئے ہیں۔
آج خیبر پختونخوا سےکورونا کے مزید 171 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 9 ہلاکتیں بھی سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق صوبائی محکمہ صحت نے کی۔
محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کورونا کے کیسز کی مجموعی تعداد 5423 اور ہلاکتیں 284 ہوگئی ہیں۔
محکمہ صحت نے بتایا کہ پشاور میں 4، چارسدہ، مردان، صوابی، مالاکنڈ اور سوات میں ایک ایک ہلاکت ہوئی۔
محکمہ صحت کے مطابق مزید 113 افراد کورونا سے صحتیاب ہوئے جس کے بعد صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 1505 ہوگئی ہے۔
سندھ سے آج کورونا وائرس کے مزید 758 کیسز اور 9 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ نے کی۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4408 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے مزید 758 نئے کیسز ظاہر ہوئے اور 9 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 14099 اور اموات 243 ہوگئی ہیں۔
وزیراعلیٰ کے مطابق 24 گھنٹوں میں مزید 238 مریض صحتیاب بھی ہوئے جس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 3073 ہوگئی ہے۔
بلوچستان سے آج کورونا وائرس کے مزید 152 کیسز اور 3 اموات سامنے آئیں جس کی تصدیق صوبائی کورونا پورٹل پر کی گئی۔
صوبے میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 2310 ہوگئی ہے جب کہ صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 30 تک پہنچ گئی ہے۔
بلوچستان میں اب تک 342 مریض کورونا وائرس سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت سے آج کورونا وائرس کے مزید 63 کیسز سامنے آئے ہیں۔
سرکاری پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 822 ہو گئی ہے جب کہ دارالحکومت میں وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہے۔
آزاد کشمیر سے آج کورونا کے مزید 3 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔
پورٹل کے مطابق علاقے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 91 ہوگئی ہے جب کہ علاقے میں اب تک وائرس سے ایک ہلاکت ہوئی ہے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا سے اب تک 69افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
پنجاب میں جمعرات کو کورونا کے مزید 11 مریض جاں بحق ہوگئے جس کے بعد انتقال کرجانے والوں کی مجموعی تعداد 234 ہوگئی۔
صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب کے مطابق مزید 353 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 13914 تک جاپہنچی ہے۔ صوبے میں 4530 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔
گلگت بلتستان میں جمعرات کو مزید 19 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 501 ہوگئی ہے۔
محکمہ صحت گلگت بلتستان کے مطابق مہلک وائرس سے اب تک 4 ہلاکتیں ہوئی ہیں جب کہ کورونا سے متاثرہ 339 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔