ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 833 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 38594 تک جاپہنچی ہے
15 مئی ، 2020
ملک میں کورونا وائرس سے مزید 31 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 833 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 38594 تک جاپہنچی ہے۔
اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 291 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ سندھ میں 255 اور پنجاب میں 245 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
اس کے علاوہ بلوچستان میں 30، اسلام آباد 7، گلگت بلتستان میں 4 اور آزاد کشمیر ممیں مہلک وائرس سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔
آج بروز جمعہ ملک بھر سے کورونا کے مزید 1434 کیسز اور 31 ہلاکتیں سامنے آئیں جن میں سندھ سے 817 کیسز 12 ہلاکتیں، پنجاب میں 287 کیسز اور 11 ہلاکتیں، خیبر پختونخوا سے 255 کیسز اور 7 ہلاکتیں، اسلام آباد44 کیسز ایک ہلاکت، گلگت بلتستان سے 17 اور آزاد کشمیر سے مزید 14 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
آج سندھ سے کورونا وائرس کے مزید 817 کیسز اور 12 ہلاکتیں سامنے آئیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ نے کی۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 5566 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے مزید 817 نئے کیسز ظاہر ہوئے اور 12 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 14916 اور اموات 255 ہوگئی ہیں۔
وزیراعلیٰ کے مطابق 24 گھنٹوں میں مزید 533 مریض صحتیاب بھی ہوئے جس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 3066 ہوگئی ہے۔
وفاقی دارالحکومت سے آج کورونا وائرس کے مزید 58 کیسز سامنے آئے ہیں اور ایک ہلاکت بھی ہوئی ہے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کی گئی ہے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 866 ہو گئی ہے جب کہ ایک ہلاکت کے بعد دارالحکومت میں وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔
آزاد کشمیر سے آج کورونا کے مزید 14 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔
پورٹل کے مطابق علاقے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 105 ہوگئی ہے جب کہ علاقے میں اب تک وائرس سے ایک ہلاکت ہوئی ہے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا سے اب تک 76 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
خیبر پختونخوا میں جمعے کو کورونا کے مزید 255 کیسز رپورٹ ہوئے اور 7 ہلاکتیں بھی سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق صوبائی محکمہ صحت نے کی۔
محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کورونا کے کیسز کی مجموعی تعداد 5678 اور ہلاکتیں 291 ہوگئی ہیں۔
محکمہ صحت نے بتایا کہ پشاور میں 4، مردان 2 اور صوابی میں ایک ہلاکت ہوئی۔
محکمہ صحت کے مطابق مزید 108 افراد کورونا سے صحتیاب ہوئے جس کے بعد صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 1613 ہوگئی ہے۔
بلوچستان حکومت کی جانب سے جمعے کو کورونا کے اعداد و شمار جاری نہیں کیے گئے البتہ جمعرات کو کورونا وائرس کے مزید 152 کیسز اور 3 اموات سامنے آئیں تھیں کی تصدیق صوبائی کورونا پورٹل پر کی گئی۔
صوبے میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 2310 ہوگئی ہے جب کہ صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 30 تک پہنچ گئی ہے۔
بلوچستان میں اب تک 342 مریض کورونا وائرس سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔
پنجاب میں جمعے کو کورونا کے مزید 11 مریض جاں بحق ہوگئے جس کے بعد انتقال کرجانے والوں کی مجموعی تعداد 245 ہوگئی۔
صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب کے مطابق مزید 287 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 14201 تک جاپہنچی ہے۔ صوبے میں 4757 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔
گلگت بلتستان میں جمعے کو مزید 17 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 518 ہوگئی ہے۔
محکمہ صحت گلگت بلتستان کے مطابق مہلک وائرس سے اب تک 4 ہلاکتیں ہوئی ہیں جب کہ کورونا سے متاثرہ 345افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔