17 مئی ، 2020
ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ اگر عوام نے ذمہ داری کا مظاہرہ نہ کیا تو لاک ڈاؤن کو دوبارہ سخت کر دیں گے۔
لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں لوگ سردیوں سے بچنے کے لیے منہ ڈھانپتے ہیں لیکن وائرس سے بچنے کے لیے ماسک استعمال نہیں کرتے، عوام سے درخواست ہے کہ ماسک کا استعمال لازمی کریں اور کورونا سے محفوظ رہیں۔
انھوں نے کہا کہ تاجر برادری سے بھی تعاون کی اپیل ہے، پانچ بجے تک چھوٹی دکانیں اور بڑے مالز کھلے رہیں گے لیکن ایس او پیز کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی، تاجر تنظیموں سے گزارش کی ہے چار سے زائد کسٹمر دکانوں پر نظر نہ آئیں، ایس او پیز کی خلاف ورزی ہوئی تو کورونا کا خدشہ بڑھ جائے گا۔
ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا تھا کہ پبلک ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے بھی ایس او پیز پر عمل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے لیکن پبلک ٹرانسپورٹ سے متعلق فیصلہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کریں گے۔
انھوں نے خبردار کیا کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کو دوبارہ سخت لاک ڈاؤن میں تبدیل کر سکتے ہیں، عوام ذمہ داری کا مظاہریں ورنہ ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے اسمارٹ سےسخت لاک ڈاؤن کر دیں گے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 9 مئی سے ملک بھر میں کورونا لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد بلوچستان سمیت تمام صوبوں نے لاک ڈاؤن میں نرمی کرتے ہوئے کچھ کاروبار ایس او پی کے تحت کھولنے کی اجازت دی تھی۔