ملک میں کورونا سے مزید 41 ہلاکتیں، 2633 نئے کیسز رپورٹ

کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 936 ہو گئی، نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 43798 تک پہنچ گئی ہے

ملک میں کورونا سے مزید 41 افراد کی ہلاکت کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 936 ہو گئی ہے جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 43798 تک پہنچ گئی ہے۔

اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 334 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ سندھ میں 280 اور پنجاب میں 273 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

اس کے علاوہ بلوچستان میں 37، اسلام آباد 7، گلگت بلتستان میں 4 اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔

کُل ٹیسٹ: 387،335
صحتیاب مریض: 
11،922 (کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق)

آج کے کیسز کی صورتحال

آج ملک بھر سے کورونا کے مزید 2633 کیسز اور 41 ہلاکتیں سامنے آئیں جن میں سندھ سے 864 کیسز 3 ہلاکتیں، خیبر پختونخوا سے 169 کیسز 16 ہلاکتیں، پنجاب 1392 کیسز 21 ہلاکتیں،  بلوچستان 148 کیسز ایک ہلاکت، گلگت بلتستان سے 10 کیسز اور اسلام آباد سے مزید 50 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

سندھ

سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 864 کیسز سامنے آئے ہیں اور 3 ہلاکتیں بھی ہوئیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ نے کی۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ 24 گھنٹوں میں 4679 کورونا کےٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 864 نئےکیسز آئے اور 3 ہلاکتیں بھی ہوئیں۔

صوبے میں نئے کیسز کے بعد کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 17241 اور ہلاکتیں 280 ہوگئی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے مزید بتایا کہ  آج 280 مزید مریض صحتیاب ہوئے جس کے بعد صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 4489 ہوگئی ہے۔

پنجاب

پنجاب میں پیر کو کورونا کے مزید 1392 کیسز اور 21  ہلاکتیں بھی سامنے آئیں جن کی تصدیق صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق صوبے میں کورونا کے کیسز کی مجموعی تعداد 15976 ہوگئی ہے جب کہ 273 افراد اب تک جاں بحق ہوچکے ہیں۔

صوبے میں اب تک 4918 سے زیادہ افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

نوٹ: اتوار کے روز صوبہ پنجاب کے اعداد و شمار رات گئے جاری کیے گئے تھے اس لیے انہیں گزشتہ روز کی رپورٹ میں شامل نہیں کیا گیا اور آج کی مجموعی تعداد میں جمع کردیا گیا ہے لہٰذا 1392 کیسز اور 21 اموات اتوار اور پیر کی مشترکہ تعداد سمجھی جائے۔

بلوچستان

بلوچستان میں آج اب تک کورونا کے مزید 148 کیسز سامنے آئے ہیں  اور ایک ہلاکت ہوئی ہے جس کی تصدیق صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی۔

ترجمان محکمہ صحت ڈاکٹر وسیم بیگ کے مطابق صوبے میں کورونا کے کیسز کی کل تعداد 2692 ہوگئی ہے جب کہ 37 افراد اب تک جاں بحق ہوچکے ہیں۔

بلوچستان میں کورونا سے متاثرہ 454 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت سے آج کورونا وائرس کے مزید 50 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 997 ہو گئی ہے جب کہ دارالحکومت میں وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 7 ہے۔

اس کے علاوہ اسلام آباد میں اب تک کورونا وائرس سے 113 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا

خیبر پختونخوا  میں پیر کو کورونا وائرس سے مزید 16 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 334 ہوگئی ہے۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق پیر کو صوبے میں کورونا کے مزید 169 کیس سامنے آئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی کل تعداد 6230  ہوچکی ہے۔ کے پی میں 1944 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

گلگت بلتستان

پیر کو گلگت بلتستان میں مزید 10 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 550 ہو گئی ہے۔

گلگت بلتستان میں وائرس سے اب تک 4 ہلاکتیں ہوئی ہیں جب کہ کورونا سے متاثرہ 368 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر سے پیر کو کورونا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا البتہ اتوار کو کورونا کے مزید 4 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے تھے۔

پورٹل کے مطابق علاقے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 112 ہوگئی ہے جب کہ علاقے میں اب تک وائرس سے ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا سے اب تک 77 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا کے کیسز کی صورتحال