Time 20 مئی ، 2020
پاکستان

دو ماہ کی بندش کے بعد ملک بھر میں ٹرینیں چلنا شروع

کورونا وائرس کے باعث بند ریلوے آپریشن کا دو ماہ بعد دوبارہ سے آغاز ہو گیا ہے اور ملک بھر میں ٹرینیں چلنا شروع ہو گئی ہیں۔

دو روز قبل وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں ٹرین سروس کو شروع کرنے کی منظوری دی تھی جس کے بعد وزیر ریلوے شیخ رشید نے 20 مئی سے 30 ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ 31 مئی تک 30 ٹرینیں چلائیں گے اور اگر حالات ٹھیک رہے تو یکم جون سے تمام ٹرینیں چلا دیں گے۔

آج ملک بھر میں ٹرین سروس کا آغاز ہو گیا ہے اور پہلی ٹرین صبح پاکستان ایکسپریس راولپنڈی سے صبح 6 بجےکراچی کے لیے روانہ ہوئی جب کہ دوسری ٹرین لاہور سے راولپنڈی کے لیے روانہ ہوئی۔ 

کراچی سے بھی ٹرین آپریشن 56 روز بعد بحال ہو گیا ہے اور عوام ایکسپریس 456 مسافروں کو لیکر پشاور کے لیے روانہ ہوئی، کراچی سے مجموعی طور پر 9 ٹرینیں اپنی منزل کی جانب روانہ ہوں گی۔

ڈی ایس پاکستان ریلوے کے مطابق ایس او پی کے تحت ٹرینوں میں 40 فیصد نشستیں خالی رکھی جائیں گی اور کسی مسافر کے عزیز کو اسٹیشن میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔

ریلوے حکام کے مطابق حفاظتی اقدامات کی خلاف ورزی پر مسافر پر پہلے جرمانہ ہو گا، پھر بھی کوئی مسافر باز نہ آئے تو ریلوے پولیس متعلقہ مسافر کو ٹرین سے اُتار دے گی۔

مزید خبریں :