Time 21 مئی ، 2020
پاکستان

بلوچستان کے سابق گورنر اور رکن صوبائی اسمبلی سید فضل آغا انتقال کر گئے

—فوٹو فائل

بلوچستان کے سابق گورنر اور رکن صوبائی اسمبلی سید فضل آغا انتقال کرگئے۔

 جمعیت علما اسلام ف کے رکن بلوچستان اسمبلی سید فضل آغا کراچی کے اسپتال میں  15 روز  سے زیر علاج تھے جو طبیعت بگڑنے پر خالق حقیقی سے جا ملے۔

سید فضل آغا 1988سے 1991تک ڈپٹی چیئرمین سینیٹ رہے، بعد ازاں 18 اگست 1999 سے 12 اکتوبر 1999 تک گورنر بلوچستان رہے وہ 25جولائی 2018کے انتخابات میں رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے۔

 وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے رکن صوبائی اسمبلی اور سابق گورنر بلوچستان سید فضل آغا کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اپنے  تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ مرحوم ایک سینئر سیاستدان اور انتہائی نفیس شخصیت کے مالک تھے جن کا بلوچستان کی سیاست میں ایک اہم کردار رہا ہے اور انہوں نے بحثیت گورنر صوبے کی ترقی میں بھی نمایاں کردار ادا کیا، ان کی صوبے کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

مزید خبریں :