Time 23 مئی ، 2020
پاکستان

’آج عیدالفطر کا چاند واضح نظر آجائے گا‘

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ آج غروب آفتاب کے بعد دوربین سے عید الفطر کا چاند واضح نظر آجائے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ 22 مئی کی رات 10 بج کر 39 منٹ پر شوال کے چاند کی پیدائش ہوچکی ہے اور آج غروب آفتاب کے بعد دوربین سے عید الفطر کا چاند واضح نظر آجائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ سانگھڑ، بدین، ٹھٹھہ، جیوانی، پسنی میں آج چاند 7 بجکر 36منٹ سے 8 بجکر 15منٹ تک چاند دیکھا جاسکتا ہے جس کی عمر 20 گھنٹے کی ہوگی جب کہ پشاور میں آج بھی چاند نظرآنے کا امکان نہیں۔

وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ قیام پاکستان کے بعد سے مذہبی تہواروں پر چاند دیکھنے پر تنازع دیکھا جاتا ہے، 1974 میں رویت ہلال کمیٹی بنی جس سے امید تھی مسئلہ حل ہوگا مگر رویت ہلال کمیٹی ہمیشہ تنازعات کا شکار رہی۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ رویت ہلال کمیٹی اور مسجد قاسم خان کے اعلانات الگ الگ ہوتے ہیں حالانکہ مذہبی تہوار کو تنازع کے بجائے یکجہتی کا مرکز ہونا چاہیے۔

ایک سوال پرفواد چوہدری کا کہنا تھا کہ چاند دیکھنے سے ٹیکنالوجی کا تعلق نہ ہونےکی بات مسترد کرتا ہوں کیونکہ اس دور میں دنیا میں چاند دیکھنا کوئی مسئلہ نہیں۔

انہوں نے طنزیہ کہا کہ کہتے ہیں عینک سے چاند دیکھنا حلال ہے اور دوربین سے نہیں مگر عینک بھی تو ٹیکنالوجی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ چاند دیکھنے کے معاملے پر ہم نے تجاویز وزیراعظم آفس کو بھجوا دی ہیں اب جو وزیراعظم فیصلہ کریں گے ہم فالو کریں گے۔

مزید خبریں :