اموات کی مجموعی تعداد 1240 ہو گئی ہے جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 60074 تک پہنچ گئی ہے
27 مئی ، 2020
ملک میں کورونا سے مزید 19 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 1240 ہو گئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 60074 تک پہنچ گئی ہے۔
اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 425 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ سندھ میں 380 اور پنجاب میں 362 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
اس کے علاوہ بلوچستان میں 42، اسلام آباد 18، گلگت بلتستان میں 9 اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے 4 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
آج ملک بھر سے کورونا کے مزید 1077 کیسز اور 19 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جن میں سے سندھ سے 699 کیسز اور 6 ہلاکتیں، خیبر پختونخوا میں 224 کیسز 9 ہلاکتیں، اسلام آباد میں 151 کیسز ایک ہلاکت، آزاد کشمیر سے 3 کیسز اور 2 ہلاکتیں، بلوچستان سے ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔
سندھ میں آج کورونا کے مزید 699 کیسز اور 6 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کے حوالے سے جاری اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2177 ٹیسٹ کیے گئے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 699 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے میں کورونا کے کیسز کی تعداد 24206 ہوگئی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 6 مریض انتقال کرگئے جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 380 ہوگئی ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ صوبے میں 235 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جس میں سے 42 مریض اس وقت وینٹی لیٹر پر ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ آج 755 مریض صحت یاب ہوکر گھروں کو چلے گئے جس کے بعد صوبے میں صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 9 ہزار 270 ہوگئی ہے۔
پنجاب حکومت کی جانب سے بدھ کو کورونا وائرس کے اعداد و شمار جاری نہیں کیے گئے البتہ منگل کو کورونا کے مزید 464 کیسز اور 10 ہلاکتیں سامنے آئیں تھیں۔
پنجاب ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق صوبے میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 21118 اور اموات 362 ہو گئی ہیں۔ صوبے میں اب تک کورونا سے 6185 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت سے آج کورونا وائرس کے مزید 151 کیسز اور ایک ہلاکت سامنے آئی جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔
سرکاری پورٹل کے مطابق اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 1879 جب کہ اموات 18 ہو چکی ہیں۔
اسلام آباد میں اب تک کورونا وائرس سے 152 مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
آزاد کشمیر میں آج مزید تین افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ 2 افراد جاں بھی بحق ہو گئے ہیں جس کی تصدیق سرکاری پورٹل کی گئی ہے۔
حکومتی اعدادو شمار کے مطابق علاقے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 214 ہوگئی ہے جب کہ علاقے میں اب تک وائرس سے 4 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
سرکاری پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا سے اب تک 99 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
بلوچستان میں بھی کورونا وائرس کے باعث آج مزید ایک ہلاکت سامنے آئی ہے جس کے بعد صوبے میں مہلک وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 42 ہو گئی ہے جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 3536 ہے۔
صوبائی محکمہ صحت کے مطابق بلوچستان میں اب تک 1156 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
خیبر پختونخوا میں بدھ کو مزید 9 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 425 تک جا پہنچی ہے۔
صوبائی محکمہ صحت کے مطابق کے پی میں مزید 224 مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 8483 ہوگئی ہے جب کہ اب تک 2632 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
گلگت بلتستان حکومت کی جانب سے بدھ کو کورونا کے اعداد و شمار جاری نہیں کیے گئے البتہ گزشتہ روز مہلک وائرس سے ایک شہری انتقال کرگیا تھا جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔
محکمہ صحت گلگت بلتستان کےمطابق علاقے میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 638 ہے جب کہ اب تک 457 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔