27 مئی ، 2020
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے قوم کو یوم تکبیر کی پیشگی مبارکباد دی ہے۔
اپنے بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عوام وبا کے پیش نظر اپنے گھروں میں رہتے ہوئے یوم تکبیر منائیں۔
انہوں نے کہا کہ 28 مئی 1998کو پاکستان دنیا کی ساتویں اورعالم اسلام کی پہلی ایٹمی قوت بنا اور ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے جوہری عمل کا آغاز ذوالفقارعلی بھٹونے کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ نوازشریف نے عالمی دباؤ رد کرتے ہوئے ایٹمی دھماکوں کا دلیرانہ فیصلہ کیا جس نے بھارتی غرور اور تکبر کو جلا کر خاک کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کو خون جگر دینے والے تمام اکابرین، ماہرین، سائسندانوں، قابل قدر شخصیات اور افواج پاکستان کو سلام پیش کرتا ہوں۔
اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ 28 مئی کوپاکستان نے آزاد قوم ہونے کا اعلان کیا اور ڈالروں کو ٹھوکر پر رکھا، یوم تکبیر ہماری نسلوں کی آزادی، خودمختاری اور مستقبل محفوظ بنانے کا ایک بڑا اہم دن ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کو ان چیلنجرز کیلئے تیار رہنا ہوگا جن کا ملک و قوم کو سامنا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عزت و وقار، دفاع ومفاد کیلئے قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوگی، ہماری اگلی منزل ناقابل تسخیر معیشت ہے جس کے بغیر کوئی قوم اپنا مکمل دفاع نہیں کر سکتی۔
خیال رہے کہ یوم تکبیر ہر سال 28 مئی کو منایا جاتا ہے اور یہ وہ یادگار دن ہے جب پاکستان دنیا کے سامنے پہلی اسلامی ایٹمی قوت بن کر ابھرا۔
بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں سابق وزیراعظم نوازشریف کے دورِ حکومت میں پاکستان نے 28 مئی 1998 کو بلوچستان کے علاقے چاغی کے مقام پر 5 کامیاب ایٹمی دھماکے کیے جس کے بعد اس دن کو ’یوم تکبیر‘ کے نام سے یاد رکھا جاتا ہے۔