ملک میں کورونا سے مزید 44 ہلاکتیں، 2622 نئے کیسز رپورٹ

کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 1283 ہو گئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 62696 تک پہنچ گئی

ملک میں کورونا سے مزید 44 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 1283 ہو گئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 62696 تک پہنچ گئی ہے۔

اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 432 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ سندھ میں 396 اور پنجاب میں 381 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

اس کے علاوہ بلوچستان میں 41 ، اسلام آباد 19، گلگت بلتستان میں 9 اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے 5 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

کُل ٹیسٹ: 508,086
صحتیاب مریض: 
20,231 (کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق)

آج کے کیسز کی صورتحال

آج بروز جمعرات ملک بھر سے کورونا کے مزید 2622 کیسز اور 44 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جن میں سندھ سے 1103 کیسز 16 ہلاکتیں، پنجاب 919 کیسز 19 ہلاکتیں، خیبر پختونخوا سے 359 کیسز اور 7 ہلاکتیں، بلوچستان 80 کیسز، آزاد کشمیر سے5 کیسز ایک ہلاکت ، اسلام آباد 136 کیسز ایک ہلاکت جبکہ گلگت سے 20 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

سندھ

سندھ سے آج کورونا کے مزید 1103 کیسز اور 16 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جن کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ نے کی۔

مراد علی شاہ نے بذریعہ ٹوئٹر بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4101 ٹیسٹ کیے گئے جس میں 1103 مریض ظاہر ہوئے اور مزید 16 ہلاکتیں بھی ہوئیں۔

اس طرح سندھ میں کورونا کے کل کیسز کی تعداد  25309 اور اموات 396 ہوگئی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ  آج پہلی مرتبہ 1920 مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو چلے گئے جس کے بعد اب تک 11190 کورونا کے مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

پنجاب

آج پنجاب سے کورونا کے مزید 919 کیسز اور 19 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق پی ڈی ایم اے نے کی۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق صوبے میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 22037 اور ہلاکتیں 381 ہوگئی ہیں۔

صوبے میں اب تک کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 6326 ہوگئی ہے۔

بلوچستان

بلوچستان میں آج کورونا کے مزید 80 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کی تصدیق محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کل کیسز کی تعداد 3616 ہوگئی ہے جب کہ اب تک 41 اموات ہوچکی ہیں۔

اس کے علاوہ صوبے می کورونا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 1289 ہے۔

نوٹ: گزشتہ روز کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے بلوچستان میں اموات کی تعداد 42 بتائی گئی تھی جسے اب 41 کردیا گیا ہے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت سے آج کورونا وائرس کے مزید 136 کیسز اور ایک ہلاکت سامنے آئی جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 2015 جب کہ اموات 19 ہو چکی ہیں۔

اسلام آباد میں اب تک کورونا وائرس سے 152 مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں آج مزید 5 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ ایک ہلاکت بھی سامنے آئی ہے جس کی تصدیق سرکاری پورٹل پر کی گئی ہے۔

حکومتی اعدادو شمار کے مطابق علاقے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 219 ہوگئی ہے جب کہ علاقے میں اب تک وائرس سے 5 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا سے اب تک 99 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان سے آج کورونا کے مزید 20 کیسز سامنے آئے جس کے بعد گلگت بلتستان میں کورونا کے کیسز کی تعداد 658 ہوگئی ہے جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 9 ہے۔

محکمہ صحت گلگت بلتستان کےمطابق اب تک 470 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا

خیبر پختونخوا میں جمعرات کو مزید 7 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 432  تک جا پہنچی ہے۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق کے پی میں مزید 359 مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 8842 ہوگئی ہے جب کہ اب تک 2693  افراد کورونا وائرس سے صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا کے کیسز کی صورتحال