28 مئی ، 2020
پاکستان کرکٹ بورڈ نے گرانٹ بریڈ برن کی ہیڈ آف ہائی پرفارمنس کوچنگ اور ثقلین مشتاق کی بطور ہیڈ آف انٹرنیشنل پلیئر ڈویلپمنٹ تقرری کا باضابطہ اعلان بھی کر دیا ہے۔
یہ تقرریاں ہائی پرفارمنس سنٹر کی ری اسٹرکچرنگ کا حصہ ہیں جس کے مطابق شعبہ ڈومیسٹک اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی اکٹھے کر دیے گئے ہیں۔ 2 سابق ٹیسٹ کرکٹرز کے علاوہ عصر ملک کو ہائی پرفارمنس آپریشنزمنیجر مقرر کیا گیا ہے۔
گرانٹ بریڈ برن ستمبر 2018 سےقومی کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں، وہ اسکاٹ لینڈ کرکٹ ٹیم کے کوچ بھی رہ چکے ہیں۔
گرانٹ بریڈ برن لیول تھری کوچ ہیں، وہ 1990سے 2001 تک 7 ٹیسٹ اور 11 ایک روزہ میچوں میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کرنے والے گرانٹ بریڈ برن اس سے قبل نیوز ی لینڈ مینز اے اور انڈر 19 ٹیموں کی کوچنگ بھی کر چکے ہیں۔
ثقلین مشتاق کا انٹرنیشنل کرکٹ کیرئیر 1995 سے 2004 پر محیط رہا، ان کی ذمہ داریوں میں کھلاڑیوں کی شناخت، ان کی ڈویلمپنٹ اور تیاری اس انداز میں شامل ہوگی کہ وہ ورلڈکلاس کرکٹرز بن سکیں۔
ثقلین مشتاق کو "دوسرا" کا موجد کہا جاتا ہے، 18برس کی عمر میں انھوں نے ون ڈے انٹرنیشنل کےایک کلینڈر ائیر میں 65 وکٹیں حاصل کرکے ریکارڈ قائم کیا۔
انھوں نے اگلے ہی برس ایک کلینڈر ایئر میں 69 وکٹیں لے کر ایک نیا ریکارڈ بنایا جو اب تک برقرار ہے، وہ اپنی بولنگ میں اس قدر مؤثر تھے کہ انھوں نے ایک سال اور 225 دنوں میں تیز ترین 100 وکٹیں حاصل کرنے کاریکارڈ بھی قائم کیا۔
اب تک ان کے علاوہ کوئی اور بولر 2 سال سے کم عرصے میں یہ اعزاز اپنے نام کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔
ثقلین مشتاق بھی لیول تھری کوچ بھی ہیں، ماضی میں وہ انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور بنگلا دیش کی مینز کرکٹ ٹیموں کے ساتھ اسپن بولنگ کوچ کی حیثیت سے کام کرچکے ہیں۔
اس کے علاوہ ثقلین مشتاق پاکستان کرکٹ بورڈ، کرکٹ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کرکٹ کے ساتھ کنسلٹنٹ کی حیثیت سےبھی ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔
گرانٹ بریڈ برن نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کےساتھ وابستگی اور تعلقات قائم رہنا ان کے لیے اعزاز ہے، پاکستان میں ماہر کھلاڑیوں اور کوچز کے ساتھ کام کرنے کو اعزاز سمجھتے ہیں، مجھے احساس ہے کہ اس ملک میں کھیل سے متعلق حیرت انگیز صلاحیتوں اور جنون کا جذبہ موجود ہے۔
اپنی تقرری پر اظہار خیال کرتے ہوئے ثقلین مشتاق کا کہنا تھا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا ایک اعزاز ہے اور وہ اس پیشکش پر بہت خوش ہیں ۔
انھوں نے کہا کہ اس پیشکش کے ذریعے انہیں نوجوان کرکٹرز کے ساتھ کام کرنے اور ان کے کیرئیر کو مزید نکھار نے کا موقع مل رہا ہے۔
ثقلین مشتاق نے کہا کہ ماضی میں وہ کئی کرکٹرز کےساتھ مل کر ان کے کھیل میں بہتری لانے کے لیے کام کرچکے ہیں۔
سابق اسپنر نے مزید کہا کہ وہ ہائی پرفارمنس سنٹر میں اپنے علم کو دوسروں تک پہنچانے اور پی سی بی کے بینچ مارک کو اوپر لے جانے میں مدد کرنے کے لیے پرامید ہیں۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کہا کہ ہائی پرفارمنس سنٹر پاکستان کی کرکٹ کا دل ہے جو بالآخر پاکستان کرکٹ کی سمت کا تعین کرے گا۔
وسیم خان نے کہا انہیں خوشی ہے کہ وہ اس کی تشکیل ،بین الاقوامی معیار کے مطابق اس میں جدت لانے اور اسے معیار کے مطابق حیثیت دلانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
انھوں نے کہاکہ وہ ہائی پرفارمنس سنٹر کے لیے ایک ایسی تجربہ کار ٹیم بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں جو اپنے ساتھ وسیع بین الاقوامی تجربہ اور علم لا رہی ہے۔
پی سی بی قومی کرکٹ ٹیم کے اسپورٹ اسٹاف میں گرانٹ بریڈ برن کے متبادل کا فیصلہ جلد کردے گا۔