پاکستانی ایکسپورٹرز کو امریکا ، یورپ اور کینیڈا سے فیس ماسک کے بڑے آرڈرز موصول

پاکستانی برآمد کنندگان کو امریکا ، یورپ اور کینیڈا سے فیس ماسک کے بڑے آرڈر موصول ہونا شرو ع ہوگئے ہیں جس سے صنعتی شعبے پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

وزیراعظم عمران خان کے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ کچھ برآمد کنندگان کو امریکا، کینیڈا اور یورپ سے فیس ماسک برآمد کرنے کے بڑے آرڈرز ملے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک اہم پیش رفت ہے اور وہ اس کامیابی پر برآمد کنندگان کو مبارک باد دیتے ہیں۔ مشیرتجارت کا کہنا تھا کہ مختلف اور نئی برآمدات کی طرف جانا حکومتی حکمت عملی کا حصہ ہے، دوسرے برآمدکنندگان تک یہ معلومات پہنچانے کا مقصد اُن کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت برآمد کنندگان کی حوصلہ افزائی اس لیے کر رہی ہے تاکہ وہ دنیا کے مختلف حصوں سے مزید آرڈرز حاصل کرسکیں۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں ماسک کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے اور پاکستان میں بھی دو سے پانچ روپے میں فروخت ہونے والے عام ماسک کی قیمت 25 روپے تک جاپہنچی ہے۔