پاکستان میں کورونا کا ہولناک ترین دن، 96 افراد جاں بحق، 2363 نئے کیسز رپورٹ

کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 1379 ہو گئی جبکہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 65059 تک پہنچ گئی ہے

ملک میں کورونا سے مزید 96 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 1379 ہو گئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 65059 تک پہنچ گئی ہے۔

اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 445 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ سندھ میں 427 اور پنجاب میں 410 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

اس کے علاوہ بلوچستان میں 60 ، اسلام آباد 23، گلگت بلتستان میں 9 اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے 5 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

کُل ٹیسٹ: 520،017
صحتیاب مریض: 
22،305 (کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق)

آج کے کیسز کی صورتحال

آج بروز جمعہ ملک بھر سے کورونا کے مزید 2363 کیسز  اور 96 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جن میں سندھ میں 804 کیسز 31 ہلاکتیں، پنجاب سے 927 کیسز 29 ہلاکتیں، خیبر پختونخوا سے 225 کیسز 13 ہلاکتیں، بلوچستان 312 کیسز 19 ہلاکتیں،  اسلام آباد 85 کیسز 4 ہلاکتیں، آزادکشمیر سے 8 کیسز اور گلگت بلتستان سے 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

پنجاب

آج پنجاب سے کورونا کے مزید 927 کیسز اور 29 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق پی ڈی ایم اے نے کی۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق صوبے میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 22964 اور ہلاکتیں 410 ہوگئی ہیں۔

صوبے میں اب تک کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 6338 ہوگئی ہے۔

بلوچستان

بلوچستان میں آج کورونا کے مزید 312 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 19 ہلاکتیں بھی سامنے آئیں جس کی تصدیق محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کل کیسز کی تعداد 3928 ہوگئی ہے جب کہ اب تک 60 اموات ہوچکی ہیں۔

اس کے علاوہ صوبے میں کورونا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 1354ہے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت سے آج کورونا وائرس کے مزید 85 کیسز اور 4 اموات سامنے آئی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے مطابق اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 2100 جب کہ اموات 23 ہو چکی ہیں۔

اسلام آباد میں اب تک کورونا وائرس سے 163 مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں آج کورونا کے مزید 8 کیسز سامنے آئے ہیں  جس کی تصدیق سرکاری پورٹل پر کی گئی ہے۔

حکومتی اعدادو شمار کے مطابق علاقے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 227 ہوگئی ہے جب کہ علاقے میں اب تک وائرس سے 5 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا سے اب تک 99 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

سندھ

سندھ سے جمعے کو کورونا کے مزید 804 کیسز اور 31 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جن کی تصدیق محکمہ صحت سندھ کی جانب سے کی گئی۔

سندھ میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 26113 اور اموات 427 ہوگئی ہیں۔ اب تک 12750 کورونا کے مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق صرف کراچی میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 20827 ہے جبکہ کراچی میں کورونا سے 353 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا

خیبر پختونخوا میں جمعے کو مزید 13 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 445 تک جا پہنچی ہے۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق جمعے کو کے پی میں مزید 225 مریض سامنے آئے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 9067 ہوگئی جب کہ اب تک 2731 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان سے جمعے کو کورونا کے مزید 2 کیسز سامنے آئے جس کے بعد گلگت بلتستان میں کورونا کے کیسز کی تعداد 660 ہوگئی ہے جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 9 ہے۔

محکمہ صحت گلگت بلتستان کےمطابق اب تک 477 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا کے کیسز کی صورتحال