Time 29 مئی ، 2020
پاکستان

کورونا وائرس سے ایک ہی دن میں 4 ڈاکٹرز انتقال کرگئے

ملک میں کورونا وائرس کی ہلاکت خیزی کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 4 ڈاکٹرز بھی جان کی بازی ہار گئے۔

پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی نجی اسپتال کی لیڈی ڈاکٹر ثنا فاطمہ کورونا سے انتقال کرگئیں جن کی عمر 39 سال تھی۔

خاندانی ذرائع کے مطابق ڈاکٹر ثنا فاطمہ پیتھالوجسٹ تھیں اور کئی دنوں سے کورونا کے مرض میں مبتلا تھیں۔

گوجرانوالہ میں بھی سینیئر ڈاکٹر و ماہر نفسیات ڈاکٹر نعیم اختر بھی کورونا کے باعث انتقال کرگئے۔

خیبر پختونخوا میں افغانستان سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر خانزادہ بھی انتقال کرگئے جبکہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں بی ایم سی ٹراما سینٹر کے انچارج ڈاکٹر زبیراحمد بھی جان سے گئے۔

اس کے علاوہ ڈاکٹروں اور طبی عملہ بھی کورونا سے متاثر ہورہا ہے۔ جنرل اسپتال لاہور کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر محمود صلاح الدین بھی کورونا سے متاثرہونے کے بعد قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔

ڈاکٹر نعیم اختر اور ڈاکٹر ثنا— فوٹو: سوشل میڈیا

فیصل آباد کے سرکاری اسپتالوں کے 50 ڈاکٹرز سمیت طبی عملے کے 59 افراد بھی کورونا کے مریض بن گئے ہیں۔ 

 ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ کئی ڈاکٹرز گھروں میں قرنطینہ ہیں جس سے اہلخانہ بھی متاثر ہوسکتے ہیں لہٰذا متاثرہ ڈاکٹروں کیلئے اسپتال میں الگ قرنطینہ قائم کیا جائے۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے باعث متعدد ڈاکٹرز انتقال کرچکے ہیں جبکہ سیکڑوں کی تعداد میں ڈاکٹرز اور طبی عملہ متاثر ہے۔

دوسری جانب ملک بھر میں مہلک وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور اب تک 1334 افراد مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 64 ہزار سے زائد ہوچکی ہے۔

مزید خبریں :