دنیا
Time 29 مئی ، 2020

بھارت میں بندر لیب اسسٹنٹ سے کورونا مریضوں کے ٹیسٹ سیمپلز چھین کر فرار

بھارتی ریاست اترپردیش میں بندر لیب اسسٹنٹ سے کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ سیمپلز چھین کر فرار ہوگیا۔

اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر میرٹھ کے لالا لجپت رائے میموریل کالج میں پیش آیا جہاں لیب کے قریب واقع درخت میں بندروں کا جھنڈ موجود تھا اور کھڑکی کے قریب لیب اسسٹنٹ کے پاس کورونا کے تین مشتبہ مریضوں کے سیمپلز تھے۔

اتنے میں ایک بندر نے اس پر دھاوا بول دیا اور ٹیسٹ سیمپلز لے کر درخت پر چڑھ گیا۔ لیب اسسٹنٹ نے اس واقعے کی ویڈیو بھی بنائی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بندر درخت پر بیٹھا سیمپلز کو کھارہا ہے۔

کالج انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جن افراد کے سیمپلز بندر لے اڑا تھا ٹیسٹ کیلئے ان کے دوباہ سیمپل لیے گئے ہیں جبلہ لیب اسسٹنٹ سے بھی وضاحت طلب کی گئی ہے کہ اس نے فوری طور پر انتظامیہ کو مطلع کیوں نہیں کیا اور کیوں بندر کی ویڈیو بناتا رہا۔

سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد شہریوں نے ملے جلے ردعمل کا اظہا کیا ہے۔ کچھ لوگوں نے کالج میں حفاظتی اقدامات پر سوال اٹھایا ہے جبکہ کچھ لوگوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بندر کورونا سے متاثر ہوکر اسے انسانوں میں پھیلانے کا سبب بن سکتے ہیں۔

مزید خبریں :