31 مئی ، 2020
وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ پہلی سے لیکر دسویں تک تمام بچوں کو اگلی کلاس میں پروموٹ کریں گے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ نویں جماعت والے کو دسویں جماعت میں پروموٹ کریں گے اور گیارہویں جماعت والے کو بارہویں جماعت میں پروموٹ کر دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ نویں سے دسویں میں جانے والا بچہ بغیر کسی تناسب کے پروموٹ ہوگا جب کہ گیارہویں سے بارہویں جماعت میں جانے والا طالبعلم بھی بغیر کسی تناسب کے پروموٹ ہوگا۔
وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ تمام بچوں کو پروموٹ کردیں گے چاہے وہ سارے کے سارے پرچے میں فیل ہوں، وہ بچے جو تمام پرچے میں فیل ہیں انہیں بھی پاسنگ مارکس دیکر پاس کر دیا جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ بچے جب دسویں اور بارہویں کے امتحانات دیں گے تو رزلٹ بنائیں گے، نویں سے بارہویں جماعت کے طلبا کے لیے اسٹیئرنگ کمیٹی نے تجاویز دی ہیں لیکن یقین سے نہیں کہہ سکتا کہ اگلے تین ماہ میں امتحانات ہوں گے یا نہیں؟
چینی کمیشن رپورٹ کے حوالے سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ رپورٹ میں حکو متی ذمے داروں کا تعین نہیں کیا گیا، چینی سبسڈی میں عمران خان، رزاق داؤد، اسد عمر اور دیگر ملوث ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ چینی آج بھی مہنگی ہے اور اس کی قیمتیں کم نہیں ہوئیں، ایک لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت کس نے دی؟
انھوں نے کہا کہ چینی برآمد کرنے کی منظوری وزیراعظم نے خود دی، وزیراعظم پاکستان، وزیر صحت اور وزیر کامرس بھی ہیں، وزیراعظم نے بطور وزیر کامرس گندم برآمد کرنے کی اجازت دی جب کہ پنجاب میں گندم کی سبسڈی وزیر اعلیٰ پنجاب نے دی۔
وزیراعظم عمران خان کو چینی کی قیمت میں اضافے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ نیب نے اسد عمر، رزاق داؤد اور حفیظ شیخ کو کیوں گرفتار نہیں کیا؟ نیب کا ان افراد کو گرفتار نہ کرنا نیب نیازی گٹھ جوڑ ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ نیب نے کیوں بزدار کو گرفتار نہیں کیا؟ رپورٹ آنے کے بعد نیب خاموش ہے، نیب نے کیوں وزیراعظم کو گرفتار نہیں کیا۔
سعید غنی نے کہا کہ وزیراعظم خود فیصلے کرتے ہیں، خود بھول جاتے ہیں، پھر انکوائری بھی خود کرواتے ہیں، پی ٹی آئی پر پیسے خرچ کرنے والے فیصلے کرتے ہیں اور فائدہ اٹھاتے ہیں۔