Time 31 مئی ، 2020
پاکستان

جنوبی ایشیا میں ہمارے ہاں پیٹرولیم قیمتیں سب سےکم ہیں: وزیراعظم

پیٹرولیم مصنوعات بھارت میں ہم سےدوگنا مہنگی ہیں ،وزیراعظم عمران خان،فوٹو:فائل

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ جنوبی ایشیا کے دیگرممالک کے مقابلے میں ہمارے ہاں پیٹرولیم قیمتیں سب سےکم ہیں۔

 ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت نے پیٹرول، لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں مزید کمی کی ہے۔

  وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیاکے دیگر ممالک کے مقابلے میں اب ہمارے ہاں ایندھن کم ترین نرخوں پردستیاب ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات بھارت میں ہم سےدوگنا مہنگی ہیں جب کہ بنگلا دیش،سری لنکا اور نیپال وغیرہ میں اس کے نرخ ہم سے 50 سے 75 فیصد تک زیادہ ہیں۔

پیٹرول 7 روپے فی لیٹر سستا کردیا گیا

خیال رہے کہ وزارت خزانہ نے یکم جون سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردو بدل کا اعلامیہ جاری کیا ہے۔

وزارت خزانہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 7 روپے 6 پیسے کمی کی گئی ہے جس کے بعد نئی قیمت 74 روپے 52 پیسے فی لیٹر ہوگی۔

ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 5 پیسے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 80 روپے 15 پیسے فی لیٹر مقرر مقرر کی گئی ہے جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 9 روپے 37 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت 38 روپے 14 پیسے فی لیٹر ہوگی۔

وزارت خزانہ نے بتایا کہ مٹی کے تیل کی قیمت فی لیٹر 11 روپے 88 پیسے کمی کے بعد نئی قیمت 35 روپے 56 پیسے ہوگی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15سے 30 روپے تک کمی کی گئی تھی جس کی وجہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کا تاریخ کی کم ترین سطح پر آنا تھا۔ 

مزید خبریں :