01 جون ، 2020
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے کنٹری ڈائریکٹر اور نمائندوں نے ملاقات کی جس میں سندھ حکومت کے کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے کیے گئے اقدامات کو سراہا گیا۔
وزیراعلیٰ ہاؤس کے مطابق مراد علی شاہ نے عالمی ادارہ صحت نے کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں کورونا ٹیسٹنگ کی یومیہ گنجائش 6600 ٹیسٹ کردی ہے مگر لوگ ٹیسٹ کروانے میں اتنا تعاون نہیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں 2 اسپتالوں میں تشدد ہوا، اس لیے ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ڈاکٹرز، نرسز اور عملہ محفوظ رہے کیونکہ ڈاکٹرز ٹھیک رہیں گے تو دوسروں کی زندگی بچا سکیں گے لہذا اسپتالوں میں توڑ پھوڑ یا ڈاکٹروں کو ہراساں کرنا براداشت نہیں۔
لاک ڈاؤن سے متعلق وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ آج وزیراعظم اجلاس کر رہے ہیں، اس میں اہم فیصلے ہوں گے۔
اس موقع پر ڈبلیو ایچ او کے نمائندوں نے کورونا کے خلاف سندھ حکومت کی پالیسی کی تعریف کی۔
عالمی ادارہ صحت کے نمائندوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے کورونا سے متعلق اسپتال قائم کرنے سے ڈبلیو ایچ او کو آگاہ کیا، سندھ حکومت کے بروقت اقدامات نے بہتر نتائج دیے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق پورے ملک میں مقامی منتقلی کو روکنا ضروری ہے، اسی لیے سماجی دوری اور ایس او پیز پر سختی سے عمل کروانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔