Time 02 جون ، 2020
پاکستان

کورونا سے صحتیاب ہونے والے جے یو آئی (ف) کے رکن قومی اسمبلی انتقال کرگئے

ضلع کرم سے جے یو آئی (ف) کے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔

61 سالہ ایم این اے حاجی منیر اورکزئی کے بھتیجے عرفان اللہ کے مطابق منیر اورکزئی کو صبح نماز کے لیے اٹھایا گیا تو وہ وفات پاچکے تھے، انہیں فوری طور پر چیک اپ کے لیے سول اسپتال ٹل لے کر گئے جہاں ڈاکٹروں نے موت کی تصدیق کردی۔ 

ایم این اے حاجی منیر خان اورکزئی کی نماز جنازہ سہ پہر 3 بجے آبائی گاؤں مندوری میں اد اکی جائے گی، منیر اورکزئی نے ایک بیٹے، 5 بیٹیاں اور اہلیہ کو سوگوار چھوڑا ہے۔ 

جے یو آئی (ف) کے رکن قومی اسمبلی منیر اورکزئی گزشتہ مہینے کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے تھے تاہم 8 مئی کو ان کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا تھا لیکن کورونا سے صحتیاب ہونے کے بعد قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ان کی طبیعت اچانک بگڑگئی تھی جس پر انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

ایم این اے حاجی منیر خان اورکزئی حلقہ این اے 45 اورکزئی سے جے یو آئی (ف) کے ٹکٹ پر ایم این اے منتخب ہوئے تھے۔

ضلع کرم میں قیام امن کے لیے منیر خان اورکزئی کا کردار ناقابل فراموش ہے، وہ 3 بار ایم این اے منتخب ہوئے اور پسماندہ علاقے کی ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔

مزید خبریں :