Time 02 جون ، 2020
پاکستان

کراچی میں آن لائن ٹرانسپورٹ سروس بھی چلانے کی اجازت دے دی گئی

کراچی: سندھ حکومت نے شہر  میں آن لائن ٹرانسپورٹ سروس بھی بحال کرنے کی اجازت دے دی۔

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اویس شاہ کے مطابق آن لائن ٹیکسی سروس میں صرف 2 افراد کوبیٹھنے کی اجازت ہوگی اور ہنگامی صورتحال میں ٹیکسی میں مزید ایک شخص کو ساتھ بٹھایاجاسکے گا۔

انہوں نے کہا کہ آن لائن بس سروس کو سیٹ بائے سیٹ سروس چلانےکی اجازت ہوگی اور بس میں ائیرکنڈیشن چلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

وزیرٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ جو ٹرانسپورٹر اے سی چلائےگا وہ سیٹ پر ایک مسافر بٹھائےگا۔

واضح رہےکہ سندھ حکومت نے اندرون شہر پبلک ٹرانسپورٹ چلانے کی اجازت دے دی ہے جس کے لیے ایس او پیز بھی طے کیے گئے ہیں۔

سندھ میں لاک ڈاؤن میں توسیع

واضح رہے کہ سندھ حکومت نے صوبے میں لاک ڈاؤن 30 جون تک بڑھادیا ہے اور اس حوالے سے نیا حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے فیصلوں کی روشنی میں حکومت سندھ نے فیصلہ کیاہے کہ تمام تعلیمی و تربیتی ادارے، شادی ہالز ،بزنس سینٹر اور ایکسپو ہالز بدستور بند رہیں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کھیلوں کی تمام سرگرمیاں ان ڈور اور آؤٹ ڈور اسپورٹس سمیت جِم اور کلبس بھی بند رہیں گے۔

اس کے علاوہ ہر قسم کے ریسٹورنٹ اور کیفے بند رہیں گے تاہم خرید کر گھر لے جانے اور ہوم ڈیلیوری کی اجازت ہوگی جب کہ سیاحوں کے لیے ہوٹلز بھی بند رہیں گے۔

محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق تمام تفریحی مقامات ، پارکس،سنیما اور تھیٹر بند رہیں گے جب کہ بیوٹی پارلرز کو بھی کھولنے کی اجازت نہیں ہے۔

اعلامیے کے مطابق صوبے میں ہر قسم کے اجتماعات، جلوس، مزارات پر کسی بھی تقریب پر تا حکم ثانی پابندی ہوگی۔

مزید خبریں :