08 جون ، 2020
کورونا وائرس سے متاثرہ معروف ٹی وی اداکارہ روبینہ اشرف کی بیٹی کا کہنا ہے کہ ان کی والدہ کی طبیعت بہتری کی جانب گامزن ہے اور وہ خطرے سے باہر ہے۔
روبینہ اشرف کی بیٹی مینا طارق نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی بعض خبروں پر ردعمل میں انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے بتایا کہ ان کی والدہ کے حوالے سے گردش کرنے والی افواہیں درست نہیں ہیں، وہ ٹھیک ہیں اور ان کی طبیعت بہتر ہو رہی ہے۔
مینا طارق نے لوگوں سے درخواست کی کہ وہ روبینہ اشرف کی جلدی سے صحتیابی کے کے لیے دعا کریں۔
خیال رہے کہ روبینہ اشرف میں گذشتہ ہفتے کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد انہوں نے گھر میں خود ساختہ تنہائی اختیار کرلی تھی۔
رپورٹس کے مطابق دو روز قبل انہیں حالت بگڑنے پر کلفٹن کے نجی اسپتال میں منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کا علاج جاری ہے، سینیئر اداکارہ کو کورونا وائرس کے باعث سانس لینے میں مشکل کاسامنا تھا۔
خیال رہے کہ روبینہ اشرف سمیت شوبز سے تعلق رکھنے والی متعدد شخصیات بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوچکی ہیں جن میں اداکارہ سکینہ سموں، ٹی وی میزبان ندا یاسر اور ان کے شوہر اداکار یاسر نواز ، ٹی وی میزبان و اداکار واسع چوہدری سمیت علیزے شاہ اور اداکار نوید رضاشامل ہیں۔