11 جون ، 2020
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت اپنے مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے مسلسل سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔
ایک نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت نے جو کشمیریوں سے رویہ روا رکھا ہوا ہے، اس صورتحال میں بھارت سے بات چیت کی کوئی گنجائش نہیں ہے اور دنیا بھر میں کشمیر پر بات کرنے سے ہمیں کوئی نہیں روک سکتا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت میں کورونا وائرس کی صورتحال بہت پیچیدہ ہو گئی ہے، وہاں مسلم اقلیت کے ساتھ ناروا سلوک کیا جا رہا ہے اور انہیں کورونا وائرس پھیلانے کا ذمہ دار ٹھہرایا جا رہا ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں بھارتی پالیسی پر تنقید کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت مسلسل ایل او سی پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے جس کا مقصد اپنے اندرونی مسائل سے دنیا کی توجہ ہٹانا ہے۔