Time 13 جون ، 2020
پاکستان

حکومت چور دروازے سے مزید ٹیکس لگائے گی: شہباز شریف

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت چور دروازے سے مزید ٹیکس لگائے گی۔

شہبازشریف نے بجٹ میں بنیادی،عوامی ریلیف کے شعبہ جات نظراندازکرنے پر وفاقی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ بجٹ میں غریب اور محنت کش طبقات کے لئے کچھ بھی نہیں ہے۔

انہوں نے بجٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پی ایس ڈی پی اور ترقی اخراجات کہاں ہیں جن سے روزگار ملے اور ملک میں ترقی ہو؟

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف نے کہا کہ آئندہ سال اور بھی سخت اور مشکل ہوگا، قوم کو ابھی سے خبردار کر رہا ہوں کہ حکومت منی بجٹ لائے گی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قوم کو خبردار کررہا ہوں کہ حکومت چور دروازے سے مزید ٹیکس لگائے گی۔

خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ روز آئندہ مالی سال کے لیے 71 کھرب 37 ارب روپے کا بجٹ پیش کیا ہے۔

حکومتی اتحادی جماعتوں کا کہنا ہے کہ موجودہ صورت حال میں اس سے بہتر بجٹ پیش نہیں کیا جا سکتا تھا جب کہ اپوزیشن جماعتوں نے بجٹ کو مسترد کر دیا ہے۔

دوسری جانب معاشی ماہرین نے بھی بجٹ کے بعد اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ حکومت بہت جلد منی بجٹ پیش کرے گی۔

مزید خبریں :