13 جون ، 2020
کورونا وبا کے دوران ہر ایک شخص کو قوت مدافعت کا نظام مضبوط کرنے کی فکر لگی ہوئی ہے، اب لوگ ان تمام غذاؤں کو اپنی خوراک میں بھی شامل کر رہے ہیں جس سے یقینی طور پر قوتِ مدافعت کا نظام مضبوط ہوتا ہے۔
آج ہم آپ کو ایسی ہی غذاؤں کے بارے میں بتانے والے ہیں جو کہ زنک سے بھرپور ہیں اور انہیں خوراک میں شامل کرنے سے آپ کا مدافعتی نطام بھی مضبوط ہو جائے گا۔
اگر ہم اپنی خوراک کو متوازن رکھیں گے اور اعتدال میں رہ کر ہر چیز کا استعمال کریں گے تو اس سے ہماری صحت بھی بہتر رہتی ہے، 100 گرا م بکرے کے گوشت میں 4.8 ملی گرام زنک موجود ہوتا ہے، تو اگر آپ اپنی خوراک میں گوشت کو معتدل انداز میں شامل کریں گے تو یہ آپ کے مدافعتی نظام کو مضبوط کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
دالیں، چنے اور لوبیا میں بھی وافر مقدار میں پروٹین اور زنگ پایا جاتا ہے جو کہ جسم کے لیے بے حد ضروری ہے، اگر آپ اپنی روز مرہ کی خوراک میں دالوں کا استعمال کریں گے تو یہ آپ کی صحت کے لیے بے حد اچھا ہوگا۔
کاجو میں زنک، کوپر، وٹامن کے اور وٹامن اے وافر مقدار میں پایا جاتا ہے جب کہ اس کا استعمال کرنے سے جسم میں مضر کولیسٹرول کی مقدار بھی کم ہو جاتی ہے۔
کدّو کے بیج میں بے شمار غذائیت ہونے کے ساتھ ساتھ زنک بھی وافر مقدار میں پایا جاتا ہے، ان بیجوں کو اپنی خوراک میں شامل کرنے سے مدافعتی نظام مضبوط ہوتا ہے۔
اگر آپ میٹھے کے شوقین ہیں اور صحت مند بھی رہنا چاہتے ہیں تو آپ کو ڈارک چاکلیٹ کا انتخاب کرنا ہوگا، ڈارک چاکلیٹ میں زنک بھی پایا جاتا ہے جو کہ جسم کے لیے صحت بخش ہے۔